بئر طوٰی(طوٰی کنواں)
یہ مکہ مکرمہ کی ایک وادی تھی آج کل صرف اس کا نام رہ گیا ہے وہ بھی صرف ایک کنویں کی نسبت سے جو جرول محلہ میں ‘‘بئر طوٰی ’’کے نام سے معروف ہے ، ورنہ اس وادی کا سارا علاقہ آبادی میں شامل ہوگیا ہے۔ اس وادی کی تاریخی اہمیت یہ ہے کہ سرور دوجہاں ﷺ نے اس میں رات گزاری ، صبح اٹھ کر اس کنویں کےپانی سے غسل کیا ااور نماز ادا فرمائی، پھر مکہ میں داخل ہوئے، جیسا کہ بخاری شریف کی روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے وادی طوٰی میں رات گزاری اور صبح کو مکہ مکرمہ تشریف لے گئے (صحیح بخاری حدیث نمبر ۱۵۷۴) اسی طرح حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ کا معمول تھا کہ وہ ذی طوٰی میں رات گزارتے پھر صبح کر کے مکہ مکرمہ میں داخل ہوتے ، اور فرمایاکرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔ (صحیح مسلم حدیث ۱۲۵۹) (زیارات مکۃالمکرمہ، ص۲۱۲)
فائدہ:
اس کنویں کے قریب جہاں رسول اللہ ﷺ نے نماز ادا فرمائی تھی وہاں ایک مسجد تعمیر کردی گئی تھی ،یہ مسجد ماضی قریب تک باقی رہی بالآخر منہدم کردی گئی البۃ ذی طوٰی نامی یہ کنواں ابھی باقی ہے جو محلہ جرول میں مستشفی ولادہ ‘‘ولادت ہسپتال ’’کے سامنے جفری کی نو تعمیر بلڈنگ کے پیچھے واقع ہے ۔ (ایضاً)