تازہ ترین ضیائے بخشش  

کیا شان میں لکھے گا کوئی انﷺ کا قصیدہ

کیا شان میں لکھے گا کوئی انﷺ کا قصیدہ
جیسے وہ ہیں ویسا نہ تو دیدہ نہ شنیدہ
جب یاد کیا قلب ہوا نافۂ آہو
جب نام لیا ہوگئے لب شہد چکیدہ
رکھ ایک طرف فکر کو قرطاس و قلم کو
اشکوں سے بھی لکھ انﷺ کی ثناء اُنﷺ کا قصیدہ
دیکھا ہے بلندی پہ ہر اک جا سرِ افلاک
لیکن اسے دیکھا ہے مدینہ میں خمیدہ
حسرت میں زیارت کی بہے جاتے ہیں آنسو
اچھا ہے وضو کرتا ہے دیدار کو دیدہ
کیا اس کو خریدیں گے سلاطینِ زمانہ
اے رحمتِ عالمﷺ تری رحمت کا خریدہ
اُمت ہے بہت زار و پریشان، کرم کر
چادر بھی دریدہ ہوئی دامن بھی دریدہ
وہ شاعری اچھی کہ دکھائے جو یہ منظر
آغوشِ کرم میں سگِ دنیا کا گزیدہ
محتاج نہ ہوگا کبھی ہو ہاتھ جو لکھے
اس معطئ و مُنعِم کی سخاوت کا قصیدہ
محروم نہیں ہوں گی بصارت سے وہ آنکھیں
گو خواب سہی، ہوں رُخِ انوار کی دیدہ
بس ایک ہی جھونکا ہے بہت شہرِ نبیﷺ کا
آواز یہ دیتے ہیں تن و قلبِ تپیدہ
لایا درِ رحمت پہ تجھے جادۂ رحمت
کافی تری بخشش کے لیے ہے یہ قصیدہ
جس راہ سے گذرا ہے ادیبؔ انﷺ کی ثناء میں
رخشندہ تابندہ و درخشاں و دمیدہ

...

شرف دے حج کا مجھے بہرِ مصطفیٰﷺ یاربّ

شرف دے حج کا مجھے بہرِ مصطفیٰﷺ یاربّ
روانہ سُوئے مدینہ ہو قافلہِ یاربّ
دکھا دے ایک جھلک سبز سبز گنبد کی
بس اُن کے جلووں میں آجائے پھر قضا یاربّ
مدینے جائیں پھر آئیں دوبارہ پھر جائیں
اِسی میں عمر گزر جائے یاخدا یاربّ
مِرا ہو گُنبدِ خضرا کی ٹھنڈی چھاؤں میں
رسول پاکﷺ کے قدموں میں خاتمہ یاربّ
بوقتِ نزع سلامت رہے مرا ایماں
مجھے نصیب ہو توبہ ہے التجا یاربّ
جو ’’دیں کاکام‘‘ کریں دل لگا کے یا اللہ
اُنہیں ہو خواب میں دیدارِ مصطفیٰﷺ یاربّ
تِری محبت اُتر جائے میری نس نس میں
پئے رضا ہو عطا عشقِ مصطفیٰﷺ یاربّ
زمانے بھر میں مچا دیں گے دھوم سنّت کی
اگر کرم نے ترے ساتھ دیدیا یاربّ
نماز و روزہ و حج و زکوۃ کی توفیق
عطا ہو اُمّتِ محبوبﷺ کو سدا یاربّ
جواب قبر میں مُنکر نکیر کو دوں گا
ترے کرم سے اگر حوصلہ ملا یاربّ
بروزِ حشر چھلکتا سا جام کوثر کا
بدستِ ساقئِ کوثر ہمیں پلا یاربّ
بقیعِ پاک میں عطّار دفن ہو جائے
برائے غوث و رضا از پئے ضیا یاربّ

...
مزید تازہ ترین

پسندیدہ شاعری  

مزید پسندیدہ