خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا مکان
مکہ مکرمہ کی اہم جگہوں میں ام المؤمنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا مکان بھی ہے، رسول اللہﷺ شادی کے بعد سے ہجرت تک اس مکان میں مقیم رہے ۔ اسی مکان میں حضورﷺ کی اولاد اطہار میں سوائے سیدنا ابراہیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سبھی یہاں پیدا ہوئے اور پر ورش پائی، سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکا وصال بھی اسی مکان میں ہوا ۔اسی مکان میں حضرت جبریل امین علیہ السلام و حی لیکر حاضر ہوا کرتے تھے۔
محب طبری فرماتے ہیں : مسجد حرام کے بعد تمام مکانات سے اعلیٰ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکا مکان ہے ۔
فائدہ:
یہ متبرک مکان مروہ کے دامن میں واقع ہے ۔صفا اور مرویٰ کی بالائی جانب سے باہر نکلیں تو چھتہ بازار میں داخل ہوتے ہی دائیں جانب زرگروں کی پہلی گلی میں یہ مکان واقع ہے۔ (بلد الامین، ص ۲۰۱)