صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا مکان مبارک
یہ مکان بھی مکہ مکرمہ کے متبرک مکانات سے ایک ہے اس کے دروازہ پر پتھر کندہ ہے۔
ھذہ الدارلرفیق رسول اللہ ﷺ فی الغار ورفیقہ فی الا سفار
ترجمہ: یہ مکان رسول اللہ ﷺ کے یار غار اور سفر کے ساتھی صدیق اکبر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ )کا ہے۔
اس مکان کے سامنے کی دیوار پر پتھر تھا جسے لوگ احترام سے دیکھتے تھے اسے ہاتھ لگا کر بر کت حاصل کرتے تھے۔ مشہور ہے جب حضورﷺ یہاں سے گزرتے تو یہ آپکو سلام کیا کرتا ،ہو سکتا ہے یہی پتھر ہووہ جس کے متعلق حضور ﷺ کا ارشاد ہے:
انی لاعرف حجراً بمکۃ کان یسلم علی
ترجمہ: میں اس پتھر کو پہچانتا ہوں جو مکہ مکرمہ میں مجھے سلام کیا کرتا تھا ۔ (بلدالامین، ۲۰۲)
فائدہ:
سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مکان محلہ مسفلہ میں تھا ۔یہ محلہ خانہ کعبہ کے حصۂ دیوار مستجار کی جانب واقع ہے۔ محلہ مسفلہ میں حرم کی جانب سے داخل ہوتے ہی دائیں جانب ذقاق صواغین (زرگروں والی گلی) میں واقعہ ہے، نیچے مکان اور اوپر مسجد ہے ،اسی محلہ میں حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام اور حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کے مکانات ہیں ۔ اس مکان میں کئی مرتبہ رحمت عالم ﷺ تشریف لائے اور یہیں سے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو ساتھ لے کر غار ثور کی طرف تشریف لے گئے تھے۔ (زیارات مکہ مکرمہ، ص ۲۰۷)