مقامِ اُحد
مزار سیّدنا حمزہ رضی اللہ عنہ:
آپ کا مزار اُحد شریف کے دامن میں واقع ہے۔ ساتھ ہی سیّدنا مصعب بن عمیررضی اللہ عنہ اور سیّدنا عبداللہ بن جحش رضی اللہ عنہ کے مزارات ہیں نیز بیشتر شہدائے اُحد بھی وہیں آرام فرما ہیں۔ شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نقل کرتے ہیں جو شخص ان شہدائے اُحد سے گزرے اور اُن کو سلام کرے یہ قیامت تک اس پر سلام بھیجتے رہتے ہیں۔ شہدائے اُحد اور بالخصوص مزار سیّد الشہداء سیّدنا حمزہ رضی اللہ عنہ سے بارہا جواب سلام کی آواز سنی گئی ہے۔
اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَا سَیِّدِنَا حَمْزَۃ اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَا سَیِّدَ الشُّھَدَاء اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَا عَمَّ رَسُوْلِ اللہِ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا جَمِیْعَ الشُّھَدَاءِ یَا سُعَدَآءِ.
جبل اُحد:
جبل اُحد مدینہ شریف میں جانب شمال واقع ہے نہایت مقدس پہاڑ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ پہاڑ ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ ایک اور موقع پر فرمایا جب اس کے قریب سے گزرو تو اس کے درختوں سے کچھ نہ کچھ کھاؤ اگرچہ کوئی عام گھاس ہی کیوں نہ ہو۔ اس مقدس پہاڑ کی بلندی پر حضرت ہارون علیہ السلام کا مزار مبارک اور ایک غار شعب ہارون کے نام سے واقع ہے اسی پہاڑ پر ایک مسجد الفسح بھی واقع تھی۔ یہیں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک غار میں غزوہ احد کے بعد استراحت فرمایا یہاں ایک بڑے پتھر پر آپ کے سر اقدس کا نشان بھی تھا جو اب نجدی حکومت کی چیرہ دستیوں کا نشانہ بن چکا ہے۔