کنزالایمان کے سندھی مترجم علّامہ مفتی محمد رحیم سکندری کی انجمن ضیائے طیبہ کے دفتر آمد
۱۱؍ رمضان المبارک ۱۴۳۷ھ مطابق ۱۷؍ جون ۲۰۱۶ء کو بعدِ نمازِ جمعہ، کنزالایمان کے سندھی مترجم، شیخ الحدیث و مہتممِ جامعہ راشدیّہ پیر جو گوٹھ(سندھ)، حضرت علّامہ مفتی محمد رحیم سکندری دَامَتْ بَرَکَاتُھُمُ الْعَالِیَۃ انجمن ضیائے طیبہ کے دفتر تشریف لائے، جہاں انجمن کے نگرانِ اعلیٰ محترم جناب سیّد محمد مبشر قادری اور سرپرست محترم جناب مفتی محمد اکرم المحسن فیضی (نبیرۂ بیہقیِ وقت)، مولانا محمد احتشام المحسن فیضی (نبیرۂ بیہقیِ وقت) اور جناب سیّد محمد فاروق قادری صاحبان نے آپ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر معزز و مکرم مہمانِ گرامی نے مفتی محمد اکرام المحسن فیضی صاحب کواجازت و سندِ حدیث بھی عطا فرمائی اور انجمن ضیائے طیبہ کی خدمات پر اپنے گراں قدر تاثرات بھی قلم بند کیے، نیز اس موقع پر انجمن ضیائے طیبہ نے آپ کی خدمت میں اپنی مطبوعات کا ایک سیٹ بھی پیش کیا۔ مطبوعات کو ملاحظہ کر کے، آپ نے ان کے متعلق کلماتِ تحسین بھی ادا فرمائے۔ آپ نے انجمن ضیائے طیبہ کی خدمات اور سرگرمیوں کو ملاحظہ فرما کر اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی سرگرمیوں کا دائرہ کار اندرون ِ سندھ میں بھی وسیع کرے۔ آپ نے رخصت ہوتے وقت جامعہ راشدیّہ اور اپنی ذاتی لائبریری کے وزِٹ کی بھی دعوت دی۔ آپ نے انجمن کے مؤسسِ اعلیٰ جناب اللہ رکھا ضیائی صاحب کے لئے دعا بھی فرمائی۔