تقریبِ ختمِ قرآنِ کریم
یکم جولائی ۲۰۱۵ء بمطابق ۱۳؍رمضان (۱۴ویں شب) بروز بدھ انجمن ضیائے طیبہ کے زیر اہتمام ‘‘مدرسہ ضیائے طیبہ’’ کے طلباء کرام کی الف مسجد کھارادر کراچی میں ختم قرآن کریم کی پر کیف محفل منعقد کی گئی، جس کی صدارت جناب پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری مدظلہ العالی (جنرل سیکریٹری ادارۂ تحقیقات امام احمد رضا، کراچی و ڈین شعبۂ پیٹرولیم وشعبہ فیکلٹی آف سائنس جامعہ کراچی) نے فرمائی۔
جبکہ شرکائے محفل میں نبیرۂ بیہقی وقت علامہ مفتی محمد اکرام المحسن فیضی، حضرت علامہ رئیس احمد قادری، ڈاکٹر مہربان باروی شامی، مولانا فرقان احمد شامی، علامہ امجد اخترالقادری، علامہ عبدالرزاق تحسینی، علامہ اللہ رحم قادری، علامہ سمیع اللہ خان قادری، علامہ عزیز الحق حقانی، مولانا الیاس قادری، علامہ طارق احمد سعیدی اور مولانا ندیم احمد نؔدیم نورانی کے علاوہ عوامِ اہلِ سنّت نے شرکت فرمائی۔
اس پُر وقار بزم میں معزز مہمانانِ گرامی نے انجمن ضیائے طیبہ کے شعبۂ حفظ و ناظرہ سے حفظِ قرآنِ مجید کرنے والے طلبہ کا مختلف طریقوں سے زبانی امتحان (Oral Test) بھی لیا، مثلاً فلاں سورت یا فلاں پارے کی فلاں آیت سناؤ، طلبہ نے درست آیت زبانی سناکر حاضرین کو حیران اور ششدر کردیا۔ تقریب سے انجمن ضیائے طیبہ کے بانی جناب حاجی سید اللہ رکھا قادری ضیائی صاحب نے خطابِ استقبالیہ فرمایا، جس میں انھوں نے انجمن کے تعارف کے علاوہ شعبۂ حفظ و ناظرہ کے اساتذہ جناب قاری خضر حیات اور مولانا سمیع اللہ صاحب کو ان کی بہترین کارکردگی پر کلماتِ تحسین سے نوازا۔
صدرِ محفل ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب نے بھی اپنے خطاب میں انجمن ضیائے طیبہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قاری خضر حیات کی بھی تحسین فرمائی اور طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی فرمائی، نیز انھیں قرآنِ کریم سمجھنے اور اُس پر عمل کرنے کی ہدایت بھی فرمائی۔ اس موقع پرانجمن کی جانب سے مہمان علما اور طلبہ کی خدمت میں تحائف بھی پیش کیے گئے۔ صلاۃ وسلام اور دعا پر محفل کا اختتام کیا گیا، بعد ازاں حاضرین کی لنگرِ رضویہ سے ضیافت بھی کی گئی۔