روزہ کے فضائل

روزہ کے فضائل

حدیث مبارکہ(۱):

حضرت عثمان بن ابی العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے : ’’ روزہ ڈھال ہے جو نار جہنم سے ایسے ہی بچائے گا جیسے ڈھال قتال کے موقع پر بچاتی ہے۔(سنن نسائی ، کتاب الصوم،۱:۲۴۱)

حدیث مبارکہ(۲):

حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور رحمۃ اللعالمین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’جس نے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ایک دن کا روزہ رکھا اللہ تعالیٰ اسے دوزخ سے سو سال کی مسافت دور فرما ئے گا۔(سنن نسائی ، کتاب الصوم،۱:۲۴۳)

حدیث مبارکہ(۳):

حضور سید عالم نور مجسم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ! روزہ میرے لئے ہے اور میں اس کی جزاء دوں گا۔‘‘ (فتح الباری جلد ۴/۱۱۰)

اس حدیث مبارکہ کی شرح میں دوسرا ترجمہ یہ ہے کہ : ’’ میں خود روزہ کی جزا ہوں۔‘‘ (صحیح مسلم ، کتاب الصیام)

حدیث مبارکہ(۴):

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جنت کے دروازوں میں سے ایک دروازے کا نام ’’ریان‘‘ ہے ، روز حشر اعلان ہوگا، روزہ دار کہاں ہیں؟ یہ آواز سن کر روزہ دار کھڑے ہوں گے تو انہیں ’’ریان‘‘ دروازہ سے داخل کیا جائے گا، جب تمام روزہ دار داخل ہو جائیں گے تو پھر کسی کو اس دروازہ سے داخلہ کی جازت نہیں ہوگی لہذا دروازہ بند کردیا جائے گا۔‘‘ (بخاری و مسلم، کتاب الصیام)

حدیث مبارکہ(۵):

باب الریان سے داخل ہونے والے روزہ دار کو ایسا مشروب پلایا جائے گا جو اسے پی لے گا اسے کبھی پیاس محسوس نہ ہوگی۔ (سنن نسائی ، کتاب الصیام،۱:۲۴۱)

امتِ مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے روزہ دار کیلئے پانچ بشارتیں

حدیثِ مبارکہ:

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’میری امت کو رمضان کے حوالے سے ایسی پانچ بشارتیں عطا ہوئی ہیں جو سابقہ کسی امت کو نصیب نہیں ہوئیں:

۱) روزہ دار کے منہ کی خوشبو اللہ تعالیٰ کے یہاں کستوری کی خوشبو سے بھی زیادہ پسندیدہ ہوتی ہے۔

۲) افطار تک سمندر کی مچھلیاں روزہ دار کیلئے دعا کرتی ہیں۔

۳) ہر روز جنت کو مزین کیا جاتا ہے۔

۵) شیاطین کو رمضان میں قید کر دیا جاتا ہے۔

۵) آخری رات اُمت کی بخشش کردی جاتی ہے۔ (’’حضور رمضان کیسے گزارتے تھے‘‘ صفحہ ۶۰)

تجویزوآراء