شب قدر کے نوافل
شبِ قدرکی عبادت اور نوافل
شبِ قدر میں سیدنا حضرت جبرائیل علیہ السلام بمعہ دیگر فرشتوں کے زمین پر اترتے ہیں ۔ اور وہ چار جھنڈے گاڑتے ہیں۔ ایک روضۂ اطہر پر، ایک کعبہ معظمہ کی چھت پر، ایک بیت المقدس پر، اور ایک آسمان اور زمین کے درمیان۔ پھر وہ فرشتے تمام اطراف میں پھیل جاتے ہیں۔ اور کوئی ایسا گھر باقی نہیں رہتا ۔ جہاں وہ داخل نہ ہوں۔ جو شخص عبادت میں مشغول ہوتا ہے فرشتے اس کو سلام دیتے ہیں اور یہ نقشہ طلوع فجر تک باقی رہتا ہے ۔
اس رات میں نوافل پڑھنا، قرآن مجید کی تلاوت کرنا، اور تسبیح و تہلیل اور استغفار پڑھنا چاہئے۔ شب قدر میں جتنے نفل پڑھے جاسکیں بڑی سعادت ہے۔ مگر جو کتابوں میں لکھے گئے ہیں وہ یہ ہیں:
۱۔ ہر رکعت میں الحمد کے بعد اَلْہٰکُمُ التَّکَاثُرُ ایک مرتبہ اور قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ تین دفعہ پڑھے تو موت کی سختیوں میں آسانی ہوگی۔ اور عذابِ قبر سے محفوظ رہے گا۔
(نزہۃ المجالس/اول/۱۲۹)
۲۔ دورکعت نفل پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌسات بار پڑھے۔ سلام کے بعد سات دفعہ اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ پڑھے تو اپنی جگہ سے نہیں اٹھے گا کہ اس پر اور اس کے والدین پر رحمتِ خدا برسنی شروع ہوجائے گی۔
(تفسیر یعقوب چرخی)
۳۔ چار رکعت نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد اِنَّا اَنْزَلْنَاہُ ایک بار اور قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌستائیس بار پڑھے ۔ تو یہ شخص گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتا ہے کہ گویا آج ہی اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہے۔ اور اس کو اللہ کریم جنت میں ہزار محل عنایت فرمائے گا۔
۴۔ دورکعت نفل پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد اِنَّا اَنْزَلْنَاہُ ایک بار اور قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌتین بار پڑھے۔ تو اللہ تعالیٰ اس کو شب قدر کا ثواب عطا فرمائے گا۔ اور اس کو جنت میں مشرق سے مغرب تک ایک شہر عنایت فرمائے گا۔
۵۔ چار رکعت نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد اِنَّا اَنْزَلْنَاہُ تین مرتبہ اور قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌپچاس مرتبہ پڑھے پھر نماز سے فارغ ہوکر سجدہ میں جاکر ایک دفعہ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اللّٰہُ اَکْبَرُ پڑھے۔ اس کے بعد جو دعا مانگے قبول ہوگی۔ اللہ تعالیٰ بے شمار نعمتیں عطا فرمائے گا اور اس کے سب گناہ بخش دے گا۔
(فضائل الشہور، صفحہ۴۵، الف)
پہلی شب قدر…اکیسویں شب
۱۔ پہلی شب قدر یعنی ماہ رمضان المبارک کی اکیسویں تاریخ بعد نماز عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز دوسلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۃ الفاتحہ کے سورۂ قدر ایک مرتبہ اور سورۂ اخلاص ایک مرتبہ پڑھنی چاہئے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ درود شریف پڑھے انشاء اللہ تعالیٰ اس نفل نماز کے پڑھنے والے کے حق میں فرشتے مغفرت کی دعا کریں گے۔
۲۔ رمضان البارک کی اکیسویں شب کو بعد نماز عشاء و تراویح دو رکعت نفل نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ الاخلاص پڑھنی چاہئے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ استغفار پڑھے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس نفل نماز اور شب قدر کی برکت سے باری تعالیٰ اس کی بخشش فرمائے گا۔
۳۔ ماہِ رمضان کی اکیسویں تاریخ کو بعد نماز عشاء و تراویح اکیس مرتبہ سورۃ القدر پڑھنا بھی بہت افضل ہے۔
دوسری شب قدر…تیئسویں شب
۱۔ ماہ رمضان المبارک کی تیئسویں شب کو بعد نماز عشا و تراویح چار رکعت نفل نماز دو سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ الاخلاص تین مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ درود شریف پڑھے، مغفرتِ گناہ کیلئے یہ نماز بہت ہی افضل ہے۔
۲۔ تیئسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح آٹھ رکعت نفل نماز چار سلام سے پڑھنی ہے ۔ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ القدر ایک مرتبہ اور سورۃ الاخلاص ایک مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام کے ستر مرتبہ کلمۂ تمجید پڑھے اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگے، اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف فرما کر اس کی مغفرت فرمائے گا۔
۳۔ تیئسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح ایک مرتبہ سورۂ یٰسٓ اور سورۂ رحمن کا ایک مرتبہ پڑھنا بے حد افضل ہے۔
تیسری شبِ قدر…پچیسویں شب
۱۔ ماہ رمضان المبارک کی پچیسویں تاریخ کی شب قدر کو بعد نمازِ عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں سوۂ فاتحہ کے بعد سورۃ القدر ایک مرتبہ اور پانچ مرتبہ سورۃ الاخلاص پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سَلام کلمہ طیب ایک سو مرتبہ پڑھنا ہے۔ بارگاہِ ربّ العزت سے انشاء اللہ بے شمار عبادات کا ثواب ملے گا۔
۲۔ پچیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز دو سلام سے پڑھے، ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ القدر تین مرتبہ اور سورۃ الاخلاص تین مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ استغفار پڑھے۔ یہ نفل نماز بخشش گناہ کیلئے نہایت افضل ہے۔
۳۔ پچیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح دو رکعت نفل نماز پڑھے ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ القدر ایک مرتبہ اور سورۃ الاخلاص پندرہ مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ کلمہ شہادت پڑھنا ہے۔ یہ نفل نماز عذابِ قبر سے نجات کیلئے افضل ترین ہے۔
۴۔ پچیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح سات مرتبہ سورۃ الدخان پڑھنا افضل ہے۔ باری تعالیٰ اس سورۃ کے پڑھنے والے کو انشاء اللہ العزیز عذابِ قبر سے محفوظ رکھے گا۔
۵۔ پچیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح سات مرتبہ سورۃ الفتح کا پڑھنا ہر مراد کے لئے افضل ترین عمل ہے۔
چوتھی شب قدر…ستائیسویں شب
ماہِ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب قدر کی بڑی فضیلت ہے ۔ اس میں رات بھر جاگ کر عبادت میں مشغول رہے نوافل نماز اور قرآن شریف کے پڑھنے اور درود شریف کثرت سے پڑھنے میں اپنے آپ کو مشغول رکھیں۔ اس رات کی عبادت کا ثواب شمار ہی نہیں۔
۱۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح بارہ رکعت نفل نماز تین سلام سے پڑھیں۔ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر ایک مرتبہ اور سورۂ اخلاص پندرہ مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ استغفار پڑھیں۔ اللہ تعالیٰ اس نفل نماز پڑھنے والے کو انشاء اللہ العزیز انبیاء علیہم السلام کی عبادت کا ثواب دے گا۔
۲۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح دو رکعت نفل نماز پڑھے ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر تین مرتبہ اور سورۂ اخلاص پانچ مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام کے سورۂ اخلاص ستائیس مرتبہ پڑھ کر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگے انشاء اللہ العزیز اس کے تمام پچھلے گناہ اللہ تعالیٰ معاف فرمادے گا۔
۳۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز دو سلام سے پڑھنی ہے۔ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۃ التکاثر ایک مرتبہ اور سورۂ اخلاص تین مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
باری تعالیٰ اس نفل نماز پڑھنے والے پر سے موت کی سختی آسان کرے گا۔ انشاء اللہ العزیز اس پر سے عذاب قبر بھی معاف ہو جائے گا۔
۴۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح دو رکعت نفل نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص سات مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام ستر مرتبہ یہ تسبیح استغفار پڑھے:
اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ الَّذِیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَاَتُوْبُ اَلَیْہِ۔
انشاء اللہ العزیز اس نفل نماز کو پڑھنے والا اپنے مصلے سے اٹھنے بھی نہ پائے گا کہ باری تعالیٰ عزوجل اس کے اور اس کے والدین کے گناہ معاف فرما کر مغفرت عطا فرمائے گا۔ مغفرت کیلئے یہ نماز افضل ہے۔
۵۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح دو رکعت نفل نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ الم نشرح ایک مرتبہ اور سورۂ اخلاص تین مرتبہ پڑھنی ہے۔
۶۔ محبوب یزدانی حضرت سید اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں ، دو رکعت نماز کی دونوں رکعتوں میں فاتحہ کے بعد تین بار اخلاص پڑھے، سلام کے بعد یہ دعا پڑھے،
سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اللّٰہُ اَکْبَرُ
سُبْحَانَکَ یَا عَظِیْمُ یَا عَظِیْمَُ اِغْفِرْلِیْ الذُّنُوْبِ الْعَظِیْمِ
فضیلت:
بعد سلام ستائیس مرتبہ سورۂ قدر پڑھے، یہ نماز بے شمار عبادات کے ثواب کیلئے افضل ہے۔
(ماخوذ از: فتاویٰ شامی، فتاویٰ رضویہ، بہار شریعت)
۷۔ ستائیسویں شب کو بعد نماز عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز پڑھے ، ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۃ القدر تین مرتبہ سورۃ الاخلاص پچاس مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام سجدہ میں ایک مرتبہ یہ کلمات پڑھے:۔
سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اللّٰہُ اَکْبَرُ ط
اس کے بعد جو حاجت دنیاوی یا دینی مانگے انشاء اللہ تعالیٰ بار گاہِ الٰہی میں قبول ہوگی۔
۸۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تراویح سورۂ حٰمٓ پڑھے۔ یہ عذابِ قبر سے نجات اور مغفرت گناہ کیلئے افضل ہے۔
۹۔ ستائیسویں شب قدر کو بعد نماز عشاء و تروایح سات مرتبہ سورۃ الملک کا پڑھنا مغفرت گناہ کیلئے نہایت افضل ہے۔
۱۰۔ تئیسویں شب قدر کو اس دعا کو کثرت سے پڑھیں۔
اَللّٰہُمَ اِنَّکَ عَفُوٌّ کَرِیْمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَا عْفُ عَنِّیْ یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ یَا کَرِیْمُ
پانچویں شب قدر…انتیسویں شب
۱۔ انتیسویں شب قدر کو بعد نمازِ عشاء و تراویح چار رکعت نفل نماز دو سلام سے پڑھنی ہے ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورہ القدر اور سورۂ اخلاص تین مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام کے ستر مرتبہ سورۃ الم نشرح پڑھے۔ یہ نفل نماز کامل ایمان کیلئے افضل ہے۔ انشاء اللہ اس کے پڑھنے والے کو دنیا سے مکمل ایمان کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
۲۔ انتیسویں شب قدر کو بعد نمازِ عشاء و تراویح چار رکعت نفل دو سلام سے پڑھے ۔ ہر رکعت میں سورہ الفاتحہ کے بعد سورۃ القدر ایک مرتبہ اور سورۃ الاخلاص پانچ مرتبہ پڑھنی ہے۔
فضیلت:
بعد سلام کے ایک سو مرتبہ درود شریف پڑھنا ہے، انشاء اللہ العزیز اس کے پڑھنے والے کو باری تعالیٰ بخشش گناہ اور مغفرت عطا کرے گا۔
۳۔ انتیسویں شب قدر کو سات مرتبہ سورۃ الواقعہ پڑھے یہ ترقی رزق کیلئے افضل ہے۔
نوٹ: ہر شب قدر میں صلوٰۃ التسبیح ضرور پڑھی جائے۔