نماز جنازہ کے بعد بارش
شیر بیشۂ اہل سنت مولانا حشمت علی خاں پیلی بھیتی علیہ الرحمہ کے صاحبزادے مولانا احمد مشہور رضا کا ۱۹؍ ستمبر ۲۰۱۵ء کو انتقال ہوگیا۔ انتقال کی اطلاع حضرت تاج الشریعہ کو کرائی گئی کہ مولانا احمد مشہور رضا صاحب نے نماز جنازہ پڑھانے کے لیے حضرت کے نام وصیت کی ہے۔ موجودہ وقت میں بریلی شہر سے پہلی بھیت کا راستہ وایا نواب گنج بہت خراب ہے، روڈ پر اینٹ پتھر کا کام چل رہا ہے۔ نہایت خراب راستہ ہونے کے باوجود بھی حضرت نے نماز جنازہ پڑھانے کی منظوری عطا فرمادی۔
اسی خانوادہ کے جواں سال برادرم برکات رضا قادری برکاتی بن مولانا محمد میاں رضوی بن ملا لیاقت حسین خاں رضوی مرحوم محلّہ سرخہ بریلی شریف شریک نماز جنازہ تھے۔ بریلی واپسی پر بیان کیا کہ میں نے کسی حدیث کی کتاب میں پڑھا تھا کہ نماز جنازہ کے بعد اگر بارش ہوجاتی ہے تو صاحب میت کی بخشش ہوجاتی ہے۔ میں نے حضرت تاج الشریعہ سے عرض کیا حضور نماز آپ پڑھائیں گے ساتھ ہی بارش کی دعاء بھی فرمادیں تاکہ یہ رحمت کی برکت سے میرے ماموں احمد مشہود رضا صاحب مرحوم کی بخشش کا سامان فراہم ہوجائے۔ حضرت ۲۵؍ ہزار پر مشتمل افراد کی امامت فرمائی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر بارش کے آثار نمایاں ہوگئے۔ اور فوراً بارش ہونے لگی۔ یہ ہے حضرت کے دعا کی مستجابیت اور صاحب میت کی نیکی کی دلیل۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت فرمائے آمین۔