جنات کی تعلیم و تربیت
جنات کی تعلیم و تربیت
سیّد الاقطاب کے مصنف نے لکھا ہے کہ حضرت خواجہ حسن بصری کی خدمت میں جنوں کی ایک جماعت حاضر ہوا کرتی تھی۔ آپ انہیں دین کی تعلیم دیتے تھے، حضرت خواجہ کے دوستوں میں سے ایک نے بیان کیا ایک دن سحری کے وقت میں خواجہ حسن بصری کی مسجد میں گیا تو دیکھا کہ مسجد کا دروازہ اندر سے بند ہے میں نے دروازے کی سوراخ سے اندر دیکھا تو ساری مسجد لوگوں سے بھری ہوئی ہے اور حضرت خواجہ دعا مانگ رہے ہیں سب لوگ آمین کہہ رہے ہیں، میں نے دروازہ کھٹکھٹایا، حضرت خواجہ محراب سے اُٹھے اور آکر دروازہ کھولا، میں نے دیکھا مسجد میں صرف حضرت خواجہ تنہا موجود ہیں اور دوسرے سب آدمی غائب ہیں، میں نے صورت حال دریافت کی تو حضرت خواجہ نے فرمایا یہ تمام جن تھے جو دینی علم کے لیے میرے پاس آتے ہیں، یاد رکھو یہ ایک راز ہے میری زندگی میں کسی کو نہ بتانا۔