عبد الغفر بن لقمان بن محمد کردری: شہر کردر کے جو خوار زم میں واقع ہے، رہنے والے تھے،ابو المفاخر کنیت اور شرف القضاۃ و تاج الدین و شمس الائمہ لقب رکھتے تھے،بڑے زاہد عابد اور اپنے زمانہ کے امام حنفیہ تھے۔فقہ ابی الفضل عبدالرحمٰن بن محمد کریانی سے حاصل کی اور حلب میں عہد سلطان نور الدین محمود میں مدت تک قاضی رہے اور وہیں ۵۶۲ھ کو وفات پائی۔تصانیف حسب ذیل کیں: کتاب اصول فقہ،کتاب مفیدومزید،شرح تجرید،شرح جامع صغیر،شرح جامع کبیر، شرح زیادات، کتاب حیرۃ الفقہاء اس کتاب میں ایسے مسائل جمع کیے ہیں جن کے حل سے علماء حیران ہوجاتے ہیں اور ایک کتاب ان الفاظ کے بیان میں تصنیف فرمائی کہ جن کے زبان پر لانے سے آدمی کافر ہوجاتا ہے۔تاریخ وفات آپ کی’’تاج محفل‘‘ ہے۔
(حدائق الحنفیہ)