ابوامیہ جمحی،انہوں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قیامت کے بارے میں دریافت کیا، حضور نے فرمایا،قیامت کی ایک علامت یہ ہے،کہ علم کے حصول کے
لئے لوگ کم سن جماعت سے رجوع کریں گے،ابوعمر اور ابوموسیٰ نے ان کا ذکر کیا ہے،ابوعمر کہتے ہیں کہ میں ان کے بارے میں اس سے زیادہ کچھ نہیں جانتا،بعض لوگوں
نے انہیں صحابہ میں شمارکیا ہے،لیکن معاملہ مشکوک ہے،کیونکہ بنوجمح سے جو لوگ صحابہ میں شمار ہیں،ان کے نام یہ ہیں،ابوامیہ صفوان بن امیہ اور عمیر بن وہب،یہ
ابوعمر کا قول ہے،نیز ابن مندہ اور ابو نعیم نے بھی ان کا ذکرکیا ہے،انہوں نے ابوامیہ جہنی یا لخمی لکھا ہے،ابن لہیعہ نے بکر بن سوادہ سے،انہوں نے ابوامیہ
لخمی سے روایت کی،حضور اکرم نے فرمایا،قیامت کی علامت یہ ہے کہ لوگ حصولِ علم کے لئے کم سن طبقے سے رجوع کریں گے۔
اس امر پر سب متفق ہیں،کہ ابوامیہ سے بکر بن سوادہ نے روایت کی۔