ابوبردہ بن قیس اشعری جو ابو موسیٰ اشعری کے بھائی تھے،ہم ان کا نسب ان کے بھائی عبداللہ بن قیس کے ترجمے میں بیان کر آئے ہیں،ابوبردہ کا نام عامر تھا،جوہم پیشتربیان کر آئے ہیں۔
ابواسامہ نے یزید بن ابی بردہ سے،انہوں نے ابوموسیٰ سے روایت کی،وہ کہتے ہیں کہ ہماری قوم کے پچاس سے دوچارزیادہ آدمی یمن سے روانہ ہوئے،ہم تین بھائی تھے،ابوموسیٰ،ابورہم،ابوبردہ ،ہمارا جہاز ہمیں نجاشی کے پاس حبشہ میں لے گیا،جہاں جعفر بن ابی طالب اور ان کے ساتھی ٹھہرے ہوئے تھے،ہم سب اپنے جہاز میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس خیبر پہنچے،خیبر فتح ہوچکاتھا۔
ابویاسر بن ابو حبہ نے باسنادہ عبداللہ بن احمد سے،انہوں نے اپنے والد سے روایت کی کہ ہمیں عبدالواحد بن زیاد نے انہوں نے عاصم الاحول سے،انہوں نے کریب بن حارث بن ابوموسیٰ سے،انہوں نے ابوبردہ بن قیس سے روایت کی کہ حضورِ اکرم نے دعا فرمائی،اے اللہ،میری امت تیری راہ میں،دشمنوں اور طاعون کی وباسے شہادت پائے،تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔