ابوالروم بن عمیر بن ہاشم بن عبدمناف بن عبدالدار بن قصی،جومصعب بن عمیر قرشی عبدری کے بھائی تھے،ان کی والدہ ام ولدرومیہ تھیں،انہوں نے اپنے بھائی مصعب کے
ساتھ حبشہ کو ہجرت کی تھی۔
ابوجعفر نے باسنادہ یونس سے،انہوں نے ابن اسحاق سے نہ سلسلۂ مہاجرین حبشہ از بنوعبدالدار ، ابوالروم بن عمیر بن ہاشم عبدمناف بن عبدالدار بن قصی کا ذکر
کیاہے،بقولِ واقدی ابوالروم قدیم الاسلام ہیں،جوحبشہ کی ہجرت ثانیہ میں شریک تھے،اورغزوۂ احد میں موجودتھے،ابوالزناد کہتے ہیں، کہ ابوالروم مہاجرین حبشہ
میں شامل نہیں تھے،کیونکہ اگروہ ان مہاجرین حبشہ میں جوغزوۂ بدر سے پہلے حبشہ سے واپس آگئے تھے،شامل ہوتے تو وہ ضرور غزوۂ بدرمیں شامل ہوتے،لیکن وہ غزوۂ
احد میں شریک ہوئے تھے۔
ابوعمر کہتے ہیں،کہ ابوالروم نے حبشہ کو ہجرت کی تھی اور ان لوگوں کے ساتھ وہاں سے لوٹے تھے، جوہجرت مدینہ کے بعد حبشہ سے کشتیوں کے ذریعے مدینے گئے
تھے،اگرچہ وہ غزوۂ بدر سے پہلے اسلام قبول کرچکے تھے،مگر غزوۂ بدر میں شریک نہ ہوسکے اور اس طرح کے شریک نہ ہونے والے بہت کافی لوگ تھے،ابوالروم معرکۂ
یرموک میں شہید ہوئے تھے۔