قدوۃ العلماء ، زینۃ الفقہاء، رئیس المتکلمین حضرت علامہ مولانا محمد حماد رضا خاں نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: امام احمد رضا فاضل بریلوی کے چھوٹے پوتے اور حجۃ الاسلام کے چھوٹے صاجزادے حماد رضا خاں نعمانی میاں۔(رحمۃ اللہ علیہم اجمعین)
تاریخ ومقامِ ولادت: نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ1334ھ/ 1916ء بریلی شریف میں پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم: آپ نے تمام مروجہ علوم مدرسہ منظر الاسلام بریلی سے حاصل کئے۔
بیعت وخلافت: آپ علیہ الرحمہ نے اپنے جد امجد کے دستِ حق پرست پر بیعت کی اور خلافت بھی حاصل کی۔
سیرت وخصائص:قدوۃ العلماء ، زینۃ الفقہاء، رئیس المتکلمین حضرت علامہ مولانا محمد حماد رضا خاں نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ مایہ ناز عالم اور جلیل القدر بزرگ تھے۔ اپنے جد امجد کے زیر سایہ پانچ سال تک پروان چڑھتے رہے، آپ نے چونکہ آغوشِ اعلیٰ حضرت میں مسلسل تربیت پائی تو وقت کا امام آپ کو بننا ہی تھا۔ حضرت نعمانی میاں نے اپنے والد ماجد حجۃ الاسلام کا پورا زمانہ پایا۔ سفرو حضر میں استفادہ کرتے رہے۔ درس وتدریس کی شہرت کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے طلباء آکر آپ کے سامنے زانؤ تلمذ تہ کرکے جب دوبارہ اپنے شہروں میں جاتے تو علم کی روشنی سے عوام کی ذہنی واخلاقی تربیت کرتے۔ ترویج واشاعتِ اہلسنت میں آپ بہت جد وجہد کرتے، آپ کا وجودِ مسعود بدمذہبوں کے لئے قہر خداندی کی طرح تھا۔ آپ نے تبلیغِ دین کے سلسلے میں کئی شہروں کا سفر کیا اور وعظ وبیان سے کثیر لوگوں کو مستفیض کیا۔کراچی والوں کی خوش نصیبی کہ آپ یہاں تشریف لائے اور یہی پر قیام کرکے عوام کے سینوں میں کیف وسرور کی روح پھونک دی۔
تاریخِ وصال: آپ کا وصال پر ملال 1375ھ/بمطابق 1956ء میں ہوا۔ کراچی میں آپکا مدفن بنا۔ اولاد ذکور میں ۳/ اور اناث میں /۴ شادی شدہ پاکستان میں مقیم ہیں۔
ماخذ ومراجع: تذکرہِ علماءِ اہلسنت