ابوجری الہجمی رضی اللہ عنہ
ابوجری الہجمی،ہجیم بن عمرو بن تمیم سے منسوب ہیں،ان کے نام کے بارے میں اختلاف ہے،کسی نے جابر بن سلیم اور کسی نے سلیم بن جابر لکھاہے،بصری ہیں۔
سلام بن مسکین نے عقیل بن طلحہ سے،انہوں نے ابوجری ہجمی سے روایت کی کہ ایک آدمی نے حضورِ اکرم کی خدمت میں گزارش کی،یا رسول اللہ!ہم بادیہ نشین لوگ ہیں،ہمیں کوئی ایسی بات بتائیے،جو ہمارے لئے مفید ہو،آپ نے فرمایا،کسی نیکی کو بھی حقیر نہ سمجھو،خواہ وہ ایسی معمولی ہو،کہ تو اپنے ڈول سے اپنے بھائی یا رفیق کے برتن میں پانی انڈیلے یا اپنے بھائی یا رفیق سے بکشادہ پیشانی پیش آئے اور اپنی ازار زمین پر گھسیٹ کر مت چل کہ یہ تکبّر ہے،اور اگر کوئی شخص تیرے کسی عیب کی وجہ سے تجھے مطعون کرے تو توُ ایسا نہ کر۔
عبدالوہاب بن علی نے باسنادہ سلیمان بن اشعث سے،انہوں نے ابوبکر بن شیبہ سے،انہوں نے ابوخالد الاحمر سے،انہوں نے ابوغفار سے،انہوں نے ابوتیمیمہ ہجمی سے،انہوں نے ابوجری سے روایت کی ،کہ ہم حضوراکرم کی خدمت میں حاضر ہوئے،اور ہم نے علیک السلام یا رسول اللہ کہا، حضورنے فرمایا،علیک السلام مت کہو،کہ یہ مَردوں کا سلام ہے،ابوعمر،ابونعیم اور ابوموسیٰ نے ان کا ذکرکیا ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر ۱۰۔۱۱)