استاد العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی نور محمد قاسمی
استاد العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی نور محمد قاسمی (تذکرہ / سوانح)
استاد العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی نور محمد قاسمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
استاد العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی نور محمد قاسمی بن فقیر لعل بخش دایو گوٹھ پرانہ آباد ( تحصیل ڈوکری ضلع لاڑکانہ ) میں ۱۳۳۰ھ؍ ۱۹۱۰ء کو تولد ہوئے۔
تعلیم و تربیت:
ابتدائی تعلیم ( ناظرہ قرآن ) گوٹھ کی مسجد میں ملا محمود سے حاصل کی۔ ان دنو ں گوٹھ انٹرآباد میں حاجی غلام قادر انٹر نے مدرسہ قائم کیا اور مولانا عبدالحیٗ مہر کو درس مقرر کیا ۔ آپ نے ان سے فارسی ’’بہاردانش‘‘ تک پڑھی ۔ اس کے بعد ۱۹۲۴ یا ۱۹۲۵ء بمطابق ۱۳۴۵یا ۱۳۴۶ھ میں سندھ کی عظیم دینی و روحانی درسگاہ جامعہ عربیہ قاسم العلوم درگاہ عالیہ مشوری شریف میں داخلہ لیا ۔ وہیں ۸۔۹ سال تک عربی کی ابتدائی کتب سے لے کر آخر تک تعلیم حاصل کی۔ ۱۳۵۳ھ؍ ۱۹۳۴ء میں فارغ التحصیل ہوئے۔ آپ کی دستار فضیلت درگاہ شریف کے سالانہ جلسہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقعہ پر ہوئی تھی ۔ جہاں تک یاد آرہا ہے آپ کے ساتھ دیگر کے علاوہ مولانا محمد عثمان مشوری مرحوم کی بھی دستار بندی ہوئی تھی۔اس اہم موقعہ پر سراج الفقہاء ، قطب دوران ، استاد الاساتذہ ، حضرت علامہ مفتی ابوالفیض غلام عمر جتوئی نور اللہ مرقدہ بھی جلوہ افروز تھے۔
بیعت :
حضرت علامہ الحاج مفتی محمد قاسم مشوری نور اللہ مرقدہ کے دست پاک پر سلسلہ عالیہ قادریہ راشدیہ میں بیعت ہوئے۔
درس و تدریس:
آپ نے جب جامعہ عربیہ قاسم العلوم میں داخلہ لیا تھا اسی روزسے استاد محترم کے حکم سے فارسی کا درس دینا بھی شروع کیا تھا۔ بعد فراغت مادر علمی جامعہ عربیہ میں دو سال مدرس رہے۔اس کے بعد استاد محترم کے حکم سے اپنے گوٹھ پرانہ آباد میں ۱۳۵۵ھ؍ ۱۹۳۶ء میں مدرسہ قائم کر کے درس و تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔ بیس پچیس سال کی درسی خدمات کے بعد باقر انی شہر میں مدرسہ قائم کیا اور وہاں بھی درس و تدریس کا سلسلہ آخر عمر تک جاری رکھا۔
سفر حرمین شریفین :
۱۳۷۴ھ؍ ۱۹۵۵ء میں ماہ شعبان المعظم میں بحری جہاز میں بغداد شریف پہنچے ، وہاں سر کار غوث اعظم ، غوث الثقلین ، محبوب سبحانی ، قطب ربانی ، پیران پیر دستگیر کے مزار اقدس پر حاضری کی سعادت حاصل کی، سیدنا امام الائمہ ، سید المجتھدین ، سراج الامۃ ، سید الاولیاء حضور امام اعظم ابو حنیفہ تابعی کے دربار مقدس کی زیارت سے بہرہ مند ہوئے اس کے علاوہ دیگر مزارات مقدسہ کی حاضری کے بعد مدینہ منورہ کا سفر اختیار کیا، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مدینہ منورہ پہنچے ۔ وہیں شوال المعظم اور ذوالقعدہ دو ماہ قیام کرنے کے بعد ذوالحجہ میں مکہ مکرمہ روانہ ہوئے وہاں پہنچ کر حج بیت اللہ ادا کیا اس کے بعد الخبر پہنچے وہاں سے لانچ کے ذریعے بحرین اور وہاں سے کراچی بندرگاہ پہنچے ۔ اس طرح محرم الحرام ؍ اگست کے ماہ میں لاڑکانہ واپس تشریف لائے۔
عادات و خصائل :
مولانا الحاج نور محمد قاسمی متوکل فقیر ، سادہ طبیعت ، مالی پوزیشن کمزور اس کے باوجود درس و تدریس کا عمل بلا معاوضہ جاری رکھا۔ خوش مزاج ، خوش الحان تھے، مرشد کریم کی محبت میں فنا تھے۔ شریعت مطہرہ کے پابند ، خلوص وللہیت کی تصویر ، بااخلاق ، صابر و شاکر تھے۔ اپنے پیر و مرشد کی سوانح حیات پر سب سے پہلے غالبا انہوں نے قلم اٹھایا تھا جب فقیر راشدی قاسم ولایت پر کام کر رہا تھا ان دنوں چند اور اق نظر سے گذرے استفسار پر بتایا گیا کہ تحریر نور محمد کی ہے۔ پس معلوم ہوا کہ مولانا ، حضرت قبلہ عالم پر مستقل کتاب لکھنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ لیکن نا معلوم وجوہات کی بنا پر وہ خاکہ پائے تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔
شادی و اولاد :
۱۷، شوال ۱۳۵۸ھ کو باقر انی شہر ( تحصیل ڈوکری ) کے محمد ابراہیم دایو کی بیٹی سے آپ کا عقد ہوا۔ نکاح پیر و مرشد استاد محترم مخدوم ملت حضور قبلہ عالم نے پڑھایا۔ حضرت حافظ امام بخش سومرو ؒ نے بھی شرکت فرمائی۔ ان کیبطن سے مولانا کو پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں تولد ہوئیں ۔ ان میں سے دو بیٹیاں اور دو بیٹے ۱۔ حافظ احمد ۲۔ عبدالغفور کلرک دفتر سول ہسپتال لاڑکانہ ، حال حیات و صاحب اولادہیں ، باقی اولاد تین بیٹے اور دو بیٹیاں بچپن میں انتقال کر گئے۔
تلامذہ :
آپ کے تلامذہ کی طویل فہرست ہے ان میں سے بعض کے نام معلوم ہو سکے ہیں جو کہ درج ذیل ہیں :
۱۔ مولانا حافظ قمر الدین مغیری قاسمی سابق ڈسٹرکٹ خطیب لاڑکانہ ۔ امام مسجد درگاہ حضرت عظیم شاہ بخاری ؒ لاڑکانہ
۲۔ مولانا محمد ہاشم گوٹھ تھرڑی محبت
۳۔ مولانا خان محمد پیر زادہ
۴۔ مولانا عرض محمد ( سندھ جا اسلامی درسگاہ ص ۵۲۸)
وصال :
مفتی الحاج نور محمد قاسمی نے ۳ ، جمادی الآخر ۱۳۸۹ھ؍ ۱۹۶۸ء بروز اتوار انتقال کیا۔ اسی روز بعد نماز مغرب حضرت قبلہ عالم سرکار مشوری قدس سرہ نے نماز جنازہ کی امامت فرمائی اور اپنے دستور کے مطابق حضرت نے میت کی استقاط و چہل قدمی کی اور اس کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ آپ کا آخری آرامگاہ پرانہ آباد میں واقع ہے۔
[مولانا قمر الدین قاسمی کی عنایت سے مذکورہ مواد دستیاب ہوا، فقیر مولانا کا مشکور ہے]
(انوارِ علماءِ اہلسنت سندھ)