حضرت علامہ مولانا محمد بوستان قادری (برطانیہ)
حضرت مولانا محمد بوستان قادری نے برطانیہ میں دینی ترویج و اشاعت 1962میں حضرت پیر سید معروف حسین شاہ عارف قادری نوشاہی مد ظلہ کی راہنمائی اور معیت میں شروع کی۔
آپ جمعیت تبلیغ الاسلام بریڈفورڈ اور ورلڈ اسلامک مشن کے بانی اراکین میں سے تھے۔
بیسویں صدی کی چھٹی اور ساتویں دہائی میں آپ نے حضرت قبلہ پیر سید معروف حسین شاہ صاحب کے ساتھ اہل سنت کی تنظیم سازی اور مساجد کے قیام میں انتھک محنت کی-
آپ برمنگھم منتقل ہوئے تو وہاں اہل سنت کا تشخص اجاگر فرمایا۔
آپ نے گذشتہ 55 سال دن رات دین اسلام کی اشاعت میں صرف کیے۔
حضرت مولانا محمد بوستان قادری کو ورلڈ اسلامک مشن کے قیام اور پاکستان میں قادیانیوں کے غیر مسلم قرار دینے کے بعد قائدین اہل سنت مولانا شاہ احمد نورانی ،مولانا عبد الستار خان نیازی، علامہ ارشد القادری، علامہ شاہ فرید الحق اور جناب ظہور الحسن بھوپالی کے ساتھ دینی کام کرنے کا بھی موقع ملا۔
طریقت میں آپ امام اہل سنت کے خلیفہ قطب مدینہ حضرت علامہ ضیاء الدین مدنی کےمرید تھے۔
حضرت علامہ مولانا محمد بوستان قادری (برطانیہ)بروز منگل ۱۶ شعبان المعظم ۱۴۳۷ سن ہجری بمطابق ۲۴ مئی ۲۰۱۶ء کو قضائے الہی سے وصال فرماگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
برمنگھم کی جامع مسجد گھمگول شریف میں آپ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں برطانیہ بھر سے علماء و مشائخ کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔