حضرت علامہ محمد حسین نقشبندی پسروی علیہ الرحمۃ
حضرت علامہ محمد حسین نقشبندی پسروری بن میاں فضل دین ۱۸۷۰ء/ ۱۲۸۷ھ میں پسرور ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، آپ حضرت خواجہ نور محمد تیراہی قدس سرہ متوفّی ۱۲۸۲ھ/ ۱۸۶۵ء چورہ شریف ضلع اٹک کے خلیفۂ اوّل٭ اور حضرت حافظ خواجہ فتح الدین نقشبندی متوفّی ۱۳۱۴ھ/ ۱۸۹۶ء جامع مسجد اعوانان رنگ پورہ سیالکوٹ والے کے مرید و خلیفہ تھے، آپ نہایت خوش اخلاق، شیریں زبان اور پرتاثیر مردِ خدا تھے، طبیعت میں انکساری اور رحم دلی کمال درجے کی تھی، قطبِ مدینہ فرمایا کرتے کہ مولانا نور احمد پسروری (آپ کے بڑے بھائی اور استاد) پر علم کا غلبہ اور مولانا محمد حسین پسروری پر تصوّف کا غلبہ تھا۔ ۱۰/ ۱۱ شوّال ۱۳۷۰ھ/ ۱۵ جولائی ۱۹۵۱ء بروز اتوار بوقت عصر ۸۰ برس کی عمر میں رحلت فرمائی۔
٭ انوارِ قطب مدینہ ص۱۵۰ پر مولانا محمد حسین پسروری کی بیعت خواجہ فقیر محمد تیراہی قدس سرہ کی جانب منسوب ہے جو غلط ہے آپ کا وصال مولانا محمد حسین پسروری کی ولادت سے ۵ سال قبل ہوا تھا۔ سیّدی ضیاء الدین جلد۱ ص۱۵ پر بھی آپ کو خواجہ نور محمد تیراہی سے خلیفہ اول ہونے کا لکھا گیا ہے، جبکہ یہ بھی غلط ہے۔