حضرت علامہ شیخ مفتی ابو الصفاء دمشقی خلوتی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
مفتی ابو الصفاء بن احمد بن ایوب عدوی صالحی دمشقی خلوتی: اپنے زمانہ کے شیخ،امام،صدر الصدور،علامہ،فاضل،بارع،فقیہ،مفسر،نحوی تھے۔دمشق میں ۱۰۴۵ھ میں پیدا ہوئے اور وہیں نشو ونما پاکر اپنے والد ماجد سے طلب علم میں مشغول ہوئے اور ان سے طریق خلوتیہ اخذ کیا اور شیخ ابراہیم فنال دمشقی وغیرہ فضلاء سے پڑھا یہاں تک کہ بارع وفائق اقران ہوئے،دمشق میں افتاء حنفیہ کی خدمت میں آپ کے سپرد ہوئی اور مرتے دم تک مفتی رہے اور حج بھی کیا اور مکہ معظمہ میں مدرسہ مرادیہ کے متولی رہے جہاں آپ کی بڑی شہرت اور قدرو منزلت ظاہر ہوئی آپ کی تصنیفات سے ایک فتوایٰ متداول ہے۔وفات آپ کی منگل کے روز ۱۲؍ماہ ذی الحجہ ۱۱۲۰ھ میں ہوئی اور ترتب مرج الدحداج میں دفن کیے گئے۔ ’’فاضلِ دہر‘‘ تاریخ وفات ہے۔عدوی عدی بن مسافر صحابی کی طرف منسوب ہے اور آپ کے اجداد بقاع عزیز کے جو دمشق کی نواح میں واقع ہے،رہنے والے تھے۔
(حدائق الحنفیہ)