علامہ شیخ حسین بن صدیق دحلان مکی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
نام ونسب: آپ علیہ الرحمہ کا نام سید حسین بن صدیق بن زینی دحلان ہے۔(رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ)
تاریخ ومقامِ ولادت:آپ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادتِ باسعادت 1294 ھ میں مکہ مکرمہ میں ہوئی۔
تحصیلِ علم: علامہ شیخ حسین بن صدیق دحلان مکی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے قرآن مجید حفظ کرنے کے بعدمکہ مکرمہ کے علماء کی ایک جماعت سے مختلف علوم وفنون حاصل کئے، پھرمزید علوم حاصل کرنے کے لئے مصر تشریف لے گئے اور وہاں کے علماء سے بھی فیض حاصل کیا۔آپ کے اساتذہ میں سید عمر شطا، سید عبد اللہ دحلان، شیخ عبد اللہ عجیمی وغیرہ رحمہم اللہ کے نام شامل ہیں۔
سیرت وخصائص: علامہ شیخ حسین بن صدیق دحلان مکی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ بچپن ہی سے اخلاقِ حمیدہ کے حامل تھے۔بڑے ہوکر جب علم کی تحصیل سے فارغ ہوئے تو اپنے وقت کے اکابرین سے شمار ہوئے۔درس تدریس، خطابت، امامت اور افتاء میں آپ کو خاص شغف تھا، یہی وجہ ہے کہ آپ کے درس سے بڑے نامور علماء وفقہاء پیدا ہوئے ۔آپ علیہ الرحمہ کو کثیر علوم پر عبور حاصل تھاجو آپ کے پاس آتا وہ آپ کو علم کا بے بہا سمندر پاتااور آپ کا ہی ہوکر رہ جاتا۔چاروں مذاہب حنفیہ،مالکیہ،شافعیہ اور حنبلیہ کے کتابوں کے متون آپ کویاد تھے اسی وجہ سے بیک وقت چاروں مذاہب کے مسائل آپ کی یاداشت میں ہوتے تھے۔
تاریخِ وصال: علامہ شیخ حسین بن صدیق دحلان مکی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا تاریخِ وصال معلوم نہ ہوسکا۔
ماخذ ومراجع: مختصر نشر النور