حضرت شیخ دوست محمد لاہوری چشتی صابری
اسم گرامی: سلطان العاشقین برھان الواصلین حضرت شیخ دوست محمد چشتی صابری۔آپ سلسلہ چشتیہ صابریہ کے اولیائے کاملین میں سے ہیں۔
بیعت وخلافت: آپ شیخ المشائخ عارف ربانی حضرت خواجہ نظام الدین بلخی تھانیسری کے دست حق پرست پر بیعت سے مشرف ہوئے اور انہیں سے خرقہ خلافت پاکر سرفراز و ممتاز ہوئے۔حضرت شٰخ نظام الدین بلخی چشتی صابری مرید و خلیفہ حضرت شیخ جلال الدین محمود تھانیسری کے تھے۔ وہ مرید خلیفہ تھے حضرت قطب العالم شیخ عبد القدوس گنگوہی چشتی صابری کے۔
اقتباس الانوار میں شیخ محمد اکرم قدوسی فرماتے ہیں: ’’شیخ نظام الدین بلخی کے چھٹے اور ساتویں خلفاء حضرت شیخ اللہ داد لاہوری اور حضرت شیخ دوست محمد صوفی لاہوری ہیں۔ ان دونوں حضرات کے حُسنِ تربیت سے بے شمار طالبانِ حق مرتبہ تکمیل و ہدایت کو پہنچے۔جن کے ذریعے مزید خلفاء و جود میں آئے اور مخلوق کی ہدایت میں مشغول رہے۔ان دونوں حضرات کے مزارات لاہور میں زیارت گاہ خلائق ہیں۔(اقتباس الانوار، ص727)
حضرت شیخ دوست محمد چشتی صابری کے حالات مزید کسی کتاب میں دستیاب نہیں ہیں اور نہ ہی تاریخ اور سن وصال اور مزار کی جگہ کے بارے میں کچھ علم ہوسکا۔ہوسکتاہے کہ صاحب اقتباس الانوار شیخ محمد اکرم قدوسی کے زمانے میں آپ کی قبر انور مرجع خلائق ہو۔لیکن اب گردش ایام کے سبب نامعلوم ہے۔بہر حال یہ بات یقینی ہے کہ آپ کا وصال دسویں صدی ہجری کے آخر میں ہوا ،اور قبر انور لاہور ہی میں ہے۔