حاجی اسحاق سندھی سہروردی رحمتہ اللہ علیہ
حاجی اسحاق سندھ کے علاقہ میں رہائش رکھتے تھے ،ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ان کی ایک پھوپھی نے آپ کے قتل کا منصوبہ بنایا، معلوم ہونے پر آپ مشہد چلے گئے اور وہاں آپ نے حضرت امام علی رضا رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے روضہ اقدس کی زیارت کی ،پھر وہاں سے محبوب سبحانی قطب ربانی حضرت سید عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے روضہ اقدس کی زیارت کےلیئے بغداد تشریف لے گئے، وہاں سے عازم حجاز ہوئے اور مکہ مکرمہ پہنچ گئے اور حرمین الشر یفین سے باریاب ہوئے، اس کے بعد آپ نے مدینہ منورہ میں روضہ اقدس رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی ،وہاں سے آپ کو بذریعہ کشف لاہور آنے کا حکم ہوا۔
واپسی پر آپ ممالک کی سیر کرتے عرب سے لاہور آئے۔
لاہور میں آمد:
چونکہ مدینہ منورہ میں آپ کو کشف کے ذریعہ معلوم ہوا تھا کہ آپ لاہور جائیں چنا نچہ آپ کشاں کشاں لاہور تشریف لائے اور حضرت موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوکر ان کی خدمت میں مشغول ہوئے اور فیض یاب ہوئے، یہی دن تھے جب موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ گجرات سے لاہور تشریف لائے تھے چنا نچہ آپ نے ریا ضا ت و مجا ہدات کرنے شروع کیئے اور پھر عارف کامل بن گئے اور آپ کے خلیفہ اجل تسلیم کیئے جانے لگے۔
آپ کی ایک دختر کا نکاح حضرت موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ کے صاحبز ادے شیخ اسمٰعیل کے ساتھ ہواتھا۔ اس صاحبزادی کانام بی بی فاطمہ تھا جو بڑی نیک اور مستجاب الد عوات تھی۔
(لاہور کے اولیائے سہروردیہ)