حضرت جمال الدین محمود بن احمد حصیری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
(صاحبِ وقایہ)
محمود بن احمد بن عبدالسید بن عثمان بن نصر بن عبد الملک بخاری حصیری: ابو المحامد کنیت اور جمال الدین لقب تھا،باپ آپ کا تاجر کے نام سے معروف تھا اور بوریا بافوں کے محلہ میں رہا کرتا تھا۔آپ نے اپنے زمانہ کے امام فاضل،فقیہ متجر، محدث کامل تھے،آپ کے وقت میں ریاست مذہب کی آپ پر منتہیٰ ہوئی۔فقہ آپ نے حسن بن منصور قاضی خاں سے حاصل کی یہاں تک کہ کمالیت کے رتبہ کو پہنچے۔ اور صحیح مسلم وغیرہ کتب احادیث کو نیشاپور میں مؤید طوسی سے سماعت کیااور نیز حلب میں شریف ابی ہاشم سے سُنا اور شام کےک ملک میں آکر مدرسہ نوریہ میں تدریس کی اور افتاء کا کام دیا اور بیت اللہ کا حج کیا۔ماہ جمادی الاولیٰ ۵۴۲ھ میں بخارا میں پیدا ہوئے اور یکشنبہ کی رات ۸ماہ صفر ۶۳۶ھ کو دمشق میں وفات پائی اور دوسرے روز باب نصر کے باہر مقربۂ صوفیہ میں دفن کیے گئے۔آپ کی تصنیفات سے شرح جامع کبیر اور شرح سیر کبیر وغیرہ مشہور و معروف ہیں۔تاریخ ابن خالکان میں لکھا ہے کہ آپ کو حصیری اس لیےکہا کرتے تے کہ آپ بخارا میں اس محلہ میں رہا کرتے تھے جہاں بوریے بنائے جاتے ہیں۔
(حدائق الحنفیہ)