بدایوں میں ایک مشہور دیوانے تھے۔ شیخ نظام الدین کا بیان ہے کہ خواجہ زین الدین ساکن مدرسہ معزمی نے ایک مرتبہ آپ سے کہا ہمیں کوئی فائدہ والی بات بتائیے، چنانچہ مسعود نخاسی نے کہا، شراب منگاؤ، خواجہ نے اپنے غلام کے ذریعہ شراب منگوا کر آپکے سامنے رکھ دی۔ آپ نے فرمایا دریا کے کنارے چل کر پیئں گے۔ دونوں دریا کے کنارے جا کر بیٹھ گئے۔ مسعود نخاسی نے خواجہ سے کہا اٹھ کر شراب پلاؤ، خواجہ نے جام بھر کر دئیے، دیوانے نے پئے اور جب مست ہو گیا تو کہا، میں کپڑے اتار کر پانی میں جاؤں گا چنانچہ دریا میں گیا اور وہاں سے نہا دھو کر نکلا اور کہا خواجہ یہ پانچ عادتیں اپنالو۔
(1) ہر ایک کے لیے اپنا دروازہ کھلا رکھو۔
(2) خندہ پیشانی، کشادہ روئی اور خوش رہنے کا مظاہرہ کرنا۔
(3) تھوڑا بہت جو کچھ میسر ہو اس میں دریغ نہ کرنا اور دے دینا۔
(4) اپنا بوجھ کسی پر نہ ڈالنا۔
(5) لوگوں کے بوجھ کو اٹھانا۔
اخبار الاخیار