حضرت مولانا حضرت ہاشم کھتری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
علامہ محمد ہاشم کھتری
حضرت مولانا الحاج محمد ہاشم بن میاں عبداللہ دھوبی نزدچوہڑ جمالی ، گوٹھ ’’گونگانی‘‘ (تحصیل شاہ بند ر ضلع ٹھٹھہ) میں ۱۱ ، رجب المرجب ۱۲۵۰ھ میں بروز پیر تولد ہوئے۔
تعلیم و تربیت:
ابتدائی تعلیم اپنے چچا مولانا ابو اسحاق عبدالغفور دھوبی سے حاصل کی اس کے ساتھ اسکول میں پرائمری تعلیم بھی جاری رکھی ۔ اس کے بعد گوٹھ کے پرائمری اسکول میں استاد مقرر ہوئے۔ ایک روز ان کی قسمت کا ستارہ چمکا، ہوا یوں کہ ان کے گوٹھ میں استاد العلماء حضرت علامہ ابو الخیر قاضی عبداللہ جتوئی کا آنا ہوا، انہوں نے آپ کے ماتھے کو دیکھ کر نوشتہ دیوار پڑھ لیا، گوہر نایاب کو پہچان لیا، اور اپنے ساتھ اپنے گوٹھ لے گئے، جہاں تعلیم و تربیت کا بندوبست کیا، وہیں سے درس نظامی مکمل کرکے فارغ التحصیل ہوئے۔ اس کے بعد ہندوستان کی سیاحت کو نکل گئے۔
بیعت:
آپ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ میں حضرت خواجہ عبدالرحمن جان سر ہندی فاروقی قدس سرہٗ سے دست بیعت ہوئے۔
مدرسہ کا قیام:
۱۸۹۲ء کے سیلاب کے سبب مولانا نے گوٹھ گانگانی سے منتقل ہو کر تحصیل میر پور ساکرو (ضلع ٹھٹھہ) کے شہر غلام اللہ میں اپنا گوٹھ قائم کیا۔ جس میں ایک عظیم الشان مدرسہ ’’دارالعلوم فیض ہاشمیہ‘‘ اور ایک مسجد شریف تعمیر کروائی۔ اس کے علاوہ ایک عظیم الشان کتب خانہ بھی مدرسہ میں قائم فرمایا تھا۔ جہاں سے بے شمار علم کے پیاسے سیراب ہو کر نکلتے ۔
آپ کی زندگی بھی درس و تدریس ، تصنیف و تالیف اور وعظ ونصیحت سے وابستہ رہی۔
تلامذہ:
۱۔ مولانا ممیر محمد جتوئی
۲۔ مولانا محمد عمر کھتری چوہڑ جمالی
۳۔ مولانا غلام محمد بلوچ
۴۔ مولوی نور محمد زنگیانی
۵۔ مولوی محمد عمر جت (گھوڑا باڑی)
صاحب حضوری:
مولانا محمد ہاشم جید عالم، شب خیز عابد، قناعت پسند زاہد، صاحب فتویٰ مفتی، پرہیزگار ، مہمان نواز، علماء شناس، سادہ طبیعت، مشفق و مہربان، اور ولی اللہ تھے۔ درود شریف کے مبلغ، حضور پر نور ﷺ کے عاشق زار تھے اسی لئے تو کثرت سے درود شریف پڑھا کرتے تھے، ساری ساری رات درود شریف کا ورد کرتے ، ایک بار تو ایک کروڑ درود شریف کا ختم کیا۔ کثرت سے درود شریف پڑھنے والے کا سینہ کھل جاتا ہے، آپ کے سینے کا بھی انشراح ہوا حضور ﷺ کی محفل پاک میں آنے جانے کی ٹکٹ جاری ہوگئی، اسلئے ’’حضوری‘‘ کے لقب سے یاد کئے جاتے ہیں۔
ایک بار فقیر محمد اسماعیل ’’خاطی‘‘ ٹھٹھوی کے والد صاحب کو مشکل کشائی اور سخت مصیبت میں حاجت روائی کیلئے ایک درود شریف بتایا اور فرمایا ’’یہ درود شریف اسم اعظم ہے ، اس کو ایک ہزار بار روزانہ سات دن پڑھا جائے تو جبل (پہاڑ) بھی اپنی جگہ سے ہٹ سکتا ہے‘‘ اور وہ یہ ہے
الصلوٰۃ واسللام علیک یا سیدی قرۃ عینی یا رسول اللہ ﷺ
خذ بیدی قلت حیلتی ادرکنی یا رسول اللہ ﷺ
(برکات الصلوٰۃ سندھی، ص۶۶)
عادات و خصائل:
مونالا نہ صرف عالم با عمل تھے بلکہ صاحب حضوری ولی اللہ تھے ۔ چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی، ہر چھوٹے اور بڑے سے خندہ پیشانی سے ملتے تھے۔ عربی ، فارسی، ہندی اور اردو پر دسترس رکھتے تھے، سندھی تو مادری زبان تھی۔ حافظہ قوی ، حاضر جوابی میں ضرب المثل تھے۔ فقیہ و بہترین مفتی تھے۔ عارف کامل حضرت سید شاہ عبداللطیف بھٹائی قدس سرہٗ کے کلام پر کامل مہارت رکھتے تھے اور شاہ جو رسالو‘‘ کے بہترین شارح تھے، رسالہ میں تمثیلی واقعات کے پس منظر سے بخوبی واقف تھے۔ آپ جب بھٹائی صاحب کا عارفانہ کلام پڑھتے تو ایک رقت سی طاری ہوجاتی تھی۔
تصنیف و تالیف:
آپ تقریر و تحریر دونوں پر عبور رکھتے تھے۔ ساٹھ سے زائد کتابوں کا مختلف زبانوں میں مثلاً عربی ، فارسی، اردو اور ہندی میں ترجمے کئے ، ان میں فلسفہ حکمت تصوف فقہ اور علم جفر وغیرہ موضوعات آجاتے ہیں۔ اسی طرح کئی درسی و دیگر عربی کتب پر حواشی لگائے۔ لیکن مضمون نگار نے ان کتب کے نام نہیں گنوائے ہیں۔
شاعری:
اس کے علاوہ مولانا کو شعر و شاعری سے بھی دلچسپی تھی۔ آپ کا نعتیہ کلام آج بھی نعت خواں حضرات ٹھٹھہ و مضافات میں بڑے شوق و ذوق سے سناتے ہیں۔
اولاد:
آپ کو تین بیٹے تولد ہوئے۔
۱۔ مولانا محمد سلیم
۲۔ میاں حافظ احمد
۳۔ میاں حاجی عمر
وصال:
حضرت مولانا محمد ہاشم نے ۱۳ ، رجب المرجب ۱۳۸۰ھ بمطابق ۲۱ دسمبر ۱۹۶۱ء بروز جمعرات ۱۳۰ سال کی عمر میں انتقال کیا۔ آپ کا مزار غلام اللہ ضلع ٹھٹھہ (سندھ) میں مرجع خلائق ہے۔
[محترم حافظ حبیب سندھی، چوہڑ جمالی، نے مواد فراہم کیا۔ فقیر نہایت مشکور ہے۔]
(انوارِ علماءِ اہلسنت سندھ)