مفتی شیخ محمد قریشی سہروردی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ
آپ کے آبا ؤ اجداد ملتان میں رہتے تھے اور آپ کی پیدائش بھی وہاں ہی ہوئی، شجرہ نسب اس طرح ہے مخدوم شیخ محمد بن مخدوم شیخ صالح بن مخدوم شیخ ہدایت اللہ بن مخدوم شیخ فیض اللہ بن مخدوم جمعون بن مخدوم شیخ قطب الدین بن مخدوم شیخ شہاب الدین محمد نو ربن حضرت الا سلام مخدوم غوث محمد بہا ء الدین زکریا ملتانی سہروردی رحمتہ اللہ علیہ۔
لاہور میں آمد:
آپ اپنے عہد کے بڑے نامی گرامی عالم و فاضل تھے، سلطان بہلو ل لودھی نے آپ کو ملتان سے قاضی لاہور بنا کر بھیجا تھا اور گزر اوقا ت کےلئیے علاقہ پٹی میں موضع ہیبت پورہ جا گیر میں دیا، لاہور میں آپ محلہ علا ول خان لو ہانی اند رون موچی دروازہ نزد حویلی نواب میاں خان میں مقیم ہوئے اور ایک حویلی تعمیر کرائی جو محلہ کوٹلی مفتیاں میں واقع تھی یہاں آپ نے ایک مد رسہ بھی قائم کیا تھا۔
قاضی اور مفتی ہونے کی حثییت سے آپ فتویٰ بھی صادر فرمایا کرتے تھے، نیز درس و تدریس کے علاوہ سلسلہ عالیہ سہروردیہ میں رشد وہدایت کی تلقین بھی فرمایا کرتے تھے۔
وفات:
مخدوم صاحب کی وفات ۸۹۱ء بعہد بمطابق ۱۴۸۶ء بعہد بہلو ل لودھی لاہور میں واقع ہوئی اور یہیں مدفون ہوئے مزار کا پتہ نہیں چل سکا۔
(لاہور کے اولیائے سہروردیہ)