2015-11-24
علمائے اسلام
متفرق
1818
| سال | مہینہ | تاریخ |
یوم پیدائش | 0539 | رمضان المبارک | 10 |
یوم وصال | 0632 | صفر المظفر | 14 |
قاضی ابو المحاسن بہاؤ الدین یوسف بن رافع اسدی المعروف بابنِ شداد رحمۃ اللہ علیہ
اسمِ گرامی: يوسف بن رافع بن تمیم بن عتبہ اسدی موصلی۔کنیت: ابو المحاسن۔لقب: بہاؤ الدین تھی۔اور آپ ابنِ شداد کے نام سے مشہور معروف ہوئے۔
تاریخِ ولادت: آپ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ِ باسعادت10 رمضان المبارک 539 ھ کو عراق کے شہر موصل میں ہوئی۔
تحصیلِ علم: آپ نے بچپن میں ہی قرآنِ پاک حفظ کر لیا تھا۔موصل میں جلیل القدر شیوخ کے پاس حدیث، فقہ، تفسیر ، قراءت اور ادب کی کتابیں پڑھیں نیز اکتسابِ علم کے لئے آپ نےمختلف ممالک کا سفر بھی کیا۔
سیرت وخصائص: ابنِ شداد رحمۃ اللہ علیہ ایک مایہ ناز مورخ، بہترین فقیہ اور عمدہ قاضی تھے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ سلطان صلاح الدین ایوبی رحمۃ اللہ علیہ کے بھی استاد تھے اور سلطان آپ کی طرزِ تحریر کو بہت پسند بھی کرتے تھے۔ آپ کی خداداد صلاحیتوں کی بناء پر سلطان نے آپ کوعہدۂ قضاء سپرد کیااور آپ نے اس عہدے کو خوش دلی سے قبول بھی کیااور خوش اسلوبی سے ادا بھی کیا۔ آپ کے زمانے کے کثیر علماء نے آپ کی مدح وتعریف کے پل باندھے، چنانچہ فرماتے ہیں کہ ابنِ شداد اپنے وقت کے امام اور ثقہ عالم وفاضل تھے۔ دین اوردنیا دونوں کی کامل معرفت رکھتے تھے ۔آپ کے عدل وانصاف کے فیصلے امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ کی طرح تھے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ اپنی آخری عمر تک درس وتدریس ، افتاء و تصنیف میں مشغول رہے۔
تاریخِ وصال: ابنِ شداد رحمۃ اللہ علیہ نے14 صفر المظفر 632 ھ/بمطابق نومبر 1234 ء میں انتقال فرمایا۔
ماخذ ومراجع: سیر اعلام النبلاء