شیخ عبد الرحمٰن بن قاضی القضاۃ رحمۃ اللہ علیہ
نام و نسب: آپ کا نام عبد الرحمٰن بن قاضی القضاۃ شمس الدین ابو عبد اللہ محمد دیری اور لقب امین الدین تھا۔
تاریخِ ولادت: آپ 820 ھ سے پہلے پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم :آپ نے اپنے ملک کےعلماء وفضلاء سے علم حاصل کرکےجامعِ علومِ عقلیہ ونقلیہ اور فائقِ زمانہ ہوئے۔
سیرت وخصائص: شیخ عبد الرحمٰن بن قاضی القضاۃ کی ذات و شخصیت علم واخلاق کی وجہ سے دیگر تمام لوگوں سے ممتاز تھی۔آپ نےدین کی خدمت کے ساتھ ساتھ مخلوق کی بھی خدمت کی چناچہ آپ کے بھائی قاضی القضاۃ سعد الدین سعد دیری سے جب وہ کبیر السن ہوئے تو ولایتِ مصر کی قضا حاصل کی، اور نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ اس عہدے کے تمام حقوق کامل طریقے سے ادا کئے۔( کسی عہدے پر فائز ہونے کے لئے اس کا اہل ہونا ضروری ہے، نااہل ہونے کی صورت میں وہ خود بھی ہلاک ہوگا اور اپنے ساتھ پورے ملک کو بھی لے ڈوبے گا، یہی وجہ ہے کہ اسلام کے ہر دور میں جسے جو عہدہ ملا وہ اہلیت کی بنا پر ملا جیسا کہ شیخ عبد الرحمٰن علیہ الرحمہ کو ملا،سفارش اور دیگر ناجائز طریقوں سے کسی کو عہدہ نہیں ملا جیسا کہ آج کل ہورہا ہے کہ سفارش اور بھاری رقم دیکر کسی بھی منصب پر فائز کیا جاسکتا ہے اس روش نے ملک کا جو حال بگاڑ کر رکھا ہےوہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، سب پر عیاں ہے۔ ہماری حکومت کو چاہئے کہ جس کسی کو کوئی عہدہ دینا ہوتو اہلیت کی بنا پر دیا جائے سفارش و رقم کو نہ دیکھا جائے اور ان میں بھی علماء کو ترجیح دی جائے۔)
وصال: آپ کا وصال 4 ذو الحجہ 856 ھ/ بمطابق15 دسمبر 1452 ء کو ہوا۔
ماخذ ومراجع: حدائق الحنفیہ