شیخ ابو سہل محمد بن سلیمان صعلوکی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
اسمِ گرامی: آپ رحمۃ اللہ علیہ کااسمِ گرامی: محمد بن سلیمان بن محمد بن ہارون صعلوکی رحمۃ اللہ علیہم تھا۔کنیت : ابو سہل تھی۔
تاریخِ ومقامِ ولادت: ابو سہل صعلوکی رحمۃ اللہ علیہ 296 ھ میں ایران کے شہراصفہان میں پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم: آپ رحمۃ اللہ علیہ نے علمِ فقہ ابو علی ثقفی سے حاصل کیا، علمِ حدیث ابو بکر محمد بن اسحاق اورابو العباس محمد بن اسحاق وغیرہ سے حاصل کیا اور ان کے علاوہ مختلف علوم وفنون دیگ اجلہ علماء سے حاصل کیا۔
سیرت وخصائص: شیخ ابو سہل صعلوکی رحمۃ اللہ علیہ نیشا پور کے رہنے والے تھے شریعت و طریقت کے امام اور یگانۂ روزگار تھے وقت کے تمام مشائخ آپ کی ولایت پر متفق اللفظ تھے، حضرت ابوبکر شبلی مرتعش، علی سقفی، رافق، ابوالحسن قوشنجی اور ابا نصر نیشاپوری رحمۃ اللہ علیہم اجمعین کی مجالس میں رہ کر فیضان صحبت حاصل کیا، سماع کے بڑے رسیا تھے دوران سماع وجد اور حال کی کیفیت میں مستغرق رہتے تھے۔ ایک بار آپ سے حکم سماع کے بارے میں دریافت کیا گیا آپ نے فرمایا: اہل حقائق کے لیے مستحب ہے، اہل علم کے لیے مباح ہے، اہل نفس کے لیے مکروہ ہے اور فسق و فجور کے خوگر حضرات کے لیے حرام ہے۔ آپ فرمایا کرتے تھے میں نے ساری عمر اپنی جیب سے روپیہ جمع کرنے کے لیے نہیں ڈالا اور کبھی روپے پیسے کو کسی گانٹھ میں نہیں باندھا اور کبھی کسی چیز پر تالا نہیں لگایا۔
تاریخِ وصال: آپ کی وفات7 صفر المظفر 369ھ میں ہوئی۔ آپ کا مزار نیشاپور میں ہے۔
ماخذومراجع: تہذیب الاسماء واللغات۔خزینۃ الاصفیاء