حضرت شیخ ابو المظفر شمس الدین یوسف بغدادی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
یوسف بن فرغلی بن عبداللہ بغدادی: حافظ ابو الفرج ابن جوزی کے نواسہ تھے جو ۵۸۱ھ میں بغداد میں پیدا ہوئے۔ابو المظفر کنیت شمس الدین لقب تھا۔ بڑے ذکی،عالم فاضل،فقیہ محدث،واعظ فائق اقران اور فارس میدان بحث تھے۔ آپ کی مجلس میں بڑے بڑے علماء و فضلاء و صلحاء اور ملوک و امراء دوزراء شامل ہوتے تھےجس میں نزہت قلوب وابصار حاصل ہوتی تھی اور وعظ میں اس قدر لوگوں کا ہجو ہوتا تھا کہ جس روز آپ کو وعظ کرنا ہوتو تھا اس سے ایک دن پہلے لوگ رات کو مسجد دمشق میں آکر اپنے بیٹھنے کے لیے جگہ روک لیا کرتے تھے۔اکثر ذمی لوگ بھی آپکے وعظ میں کفر و شرک سے بیزار ہوکر حلقۂ اسلام میں آتے تھے۔ آپکا باپ وزیر عون الدین بن ہبیرہکا غلام تھا جس نے شیخ جمال الدین ابن جوزی حنبلی کی بیٹی سے نکاحکیا اور اس کے بطن سے آپ پیدا ہوئے اور آپ نے اپنے نانا سے فقہ پڑھی اور حدیث کو سُنا اور حنبلی مذہب پر قائم ہوئے مگر جب موصل و دمشق میں آئے اور جمال الدین محمود حصیری وغیرہ سے تفقہ کیا تو حنفی مذہب اختیار کیا اور دمشق میں کچھ اوپر ۶۰۰ھ میں سکونت اختیار کی،تصانیف مفیدہ و عمدہ کیں جن میں سے تفسیر قرآن شریف ۲۹مجلد اور تاریخ مرأۃ الزمان چالیس مجلد اور شرح جامع کبیر اور کتاب ایثار الانصاف اور منتہی السول فی سیرۃ الرسول اور لوامع فی احادیث المختصر اور جامع اور کتاب فی مناقب النعمان مشہور و معروف ہیں۔
آپ سے آپ کے بیٹے عبد العزیز متوفی ۶۷۰ھ نے تفقہ کیا۔وفات آپ کی منگل کی رات ۲۱؍ماہِ ذی الحجہ ۶۵۴ھ میں شہر دمشق میں ہوئی اور جبل قاسیون دفن کیے گئے۔’’مشہور زمانہ‘‘ آپ کی تاریخ وفا ت ہے۔
(حدائق الحنفیہ)