جسٹس مکہ مکرمہ شیخ اسعد دھان رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: آپ علیہ الرحمہ کا نام شیخ اسعد بن علامہ احمد بن اسعد بن احمد بن فھامہ تاج الدین بن احمد بن فقیہ امام ابراہیم مکی تھا۔ (رحمۃ اللہ علیہم)
تاریخ ومقامِ ولادت: شیخ اسعد دھان رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت باسعادت 1280 ھ میں مکہ مکرمہ میں ہوئی۔
تحصیلِ علم: شیخ اسعد دھان رحمۃ اللہ علیہ نے قرآن مجید حفظ کرکے علمِ تجوید سیکھا اور اس میں کمال حاصل کیا۔آپ نے مدرسہ صولتیہ ومسجدِ حرام نیز بلد حرام کے جملہ علماء ومشائخ عظام سے تعلیم پائی۔
سیرت وخصائص: شیخ اسعد دھان رحمۃ اللہ علیہ علماء مکہ میں سے تھے۔ کوتاہ قد، نحیف جسم اور داڑھی گھنی تھی۔وقار وہیبت آپ کی شخصیت میں عیاں تھے۔زہدو ورع اور اخلاص میں اپنے بھائی حضرت شیخ عبد الرحمن دھان سے کمتر نہ تھے، لیکن حصولِ علم کی غرض وغایت، اس کی اشاعت اور عبادت کے لئے گوشہ نشینی تک محدود خیال نہ فرماتے، بلکہ آپ علمِ دین کے لئے عملی زندگی کے معرکوں میں شرکت اور امت کی فلاح وبہبود کے لئے رو بہ عمل ہونے کو ضروری سمجھتے تھے، لہذا آپ علم کی خدمت کے ساتھ حکومت کی جانب سے مختلف اہم عہدوں سونپی گئی عظیم ذمہ داریوں کو بھی پورا فرماتے، جو آپ کی صلاحیت واہلیت کے پیشِ نظر آپ کے سپرد کی جاتیں۔آپ صبح وشام بابِ سلمانیہ کے برآمدہ میں حلقہ درس کرتے جس میں بالعموم علماء اور ممتاز شرکت کیا کرتے۔
تاریخِ وصال : شیخ اسعد دھان رحمۃ اللہ علیہ کا وصال 1341 ھ میں ہوا۔
ماخذ ومراجع: امام احمد رضا محدث بریلوی اور علماء مکہ مکرمہٍ