حضرت شیخ میر ہاشم سہروردی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ
آپ ہمایوں بادشاہ کے وزیر تھے اور آپ کو حضرت موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ سے بے پناہ عقیدت تھی۔ موصوف کی خدمت میں اکثر و بیشتر حاضر ہوا کرتے تھے، ابتداء میں آپ گھو ڑوں کی تجارت کرتے تھے، جب ہمایوں ایران سے کابل پہنچا تو میر ہاشم بادشاہ کی خدمت میں حاضر ہوئے بادشاہ نے اس کو کتاب خانہ کی خدمت سپرد کردی جس سے وہ ترقی کرکے اس کے وزیر بن گئے، ہمایوں کی وفات کے بعد اس کے بیٹے جلال الدین اکبر نے بھی آپ کو وزارت کے عہدے پر بحال رکھا۔
حضرت موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ کا آپ نے ہی روضہ تعمیر کروایا تھا، آپ ہمایوں اور اکبر کے عہد میں درباری اور منصب دار تھے، آپ کو آنجنا ب سے بے پناہ عقیدت تھی، جب بادشاہ اکبر نے اس ارادہ کا اظہار کیا کہ آپ کا مقبرہ شاہی خرچ سے تعمیر ہوتو سید ہاشم نے یہ خدمت اپنے ذمہ لے لی اور تین سال کے عرصہ میں روضہ اقدس کی تکمیل کرالی، مزار اقدس اندرون چار دیو اری روضہ اقدس شیخ موسیٰ آہنگر رحمتہ اللہ علیہ موجود ہے۔
(لاہور کے اولیائے سہروردیہ)