حضرت شیخ پیر محمد قادری نوشاہی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
حضرت حاجی محمد نوشاہی گنج بخش کے اکابر خلیفوں سے تھے۔ خورد سالی ہی میں خدمتِ مرشد میں حاضر رہ کر تربیت اور تکمیل پائی تھی۔ بڑے صاحبِ ذوق و شوق تھے۔ وجد و سماع مین غلو رکھتے تھے۔ جو شخص آپ کی خدمت میں حاضر ہوتا آپ کی نظر فیض اثر سے صاحبِ وجد و حالت ہوجاتا تھا۔ اپنی راست گفتاری اور تقویٰ کے باعث بارگاہِ مرشد سے سچ یار یعنی راست گفتار کے خطاب سے معزز تھے۔ وفاتِ مرشد کے بعد موضع نوشہرہ مغلاں میں جارہے تھے جو دریائے چناب کے کنارے پر واقع ہے اور گجرات سے چھ کوس مشرق کی طرف ہے۔ شیخ پیر محمد کی صحیح تاریخ وفات ۲۵ ربیع الاوّل ۱۱۲۰ھ ہے۔
شیخِ دیں پیرِ محمّد مقتداء
سالِ ترحیلش چو جستم از خرد
شد چوں از دنیا بجنّت راہگیر
شد عیاں معصوم پیرِ دستگیر
(خزینۃ الاصفیا قادریہ)