سیدی شیخ عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: عبد الله بن صدقہ بن زينی بن احمد بن عثمان بن نعمۃ الله تھا۔ آپ کا سلسلۂ نسب چند واسطوں سے مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور سیدۂ کائنات بی بی فاطمہ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے ملتا ہے۔
تاریخِ ولادت: سید عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ لعیہ کی ولادت 1289 ھ میں مکۃ المکرمہ میں ہوئی۔
تحصیلِ علم: سید عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ علیہ نے مختلف اساتذہ سے تحصیلِ علم کے ساتھ ساتھ سیدی شیخ احمد بن زینی دحلان رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں بھی زانؤ تلمذ طے کیا۔
خلافت: آپ علیہ الرحمہ نے اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے خلافت واجازت حاصل کی۔
سیرت وخصائص: سید عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ علیہ مکۂ مکرمہ مشہور ومعروف مفتی اور عالمِ شریعت وطریقت تھے۔آپ نے درس و تدریس کے ذریعہ کثیر تعداد کو علم کے نور سے منور کیا۔آپ کا درس وعظ ونصیحت، قال و حال پر مشتمل ہوتا۔سید عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ علیہ کو خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے امامِ کعبہ مقرر کیا ۔ آپ علیہ الرحمہ کی ساری عمر یہی کوشش رہی کہ امتِ مسلمہ کو دینی فائدہ پہنچائیں چنانچہ آپ نے اپنی اسی سوچ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ایشیاء و افریقہ میں کئی ایسی مدارس کاقیام کیا کہ جس میں لاکھوں طلباء نے علمِ دین حاصل کیا۔آپ بغیر کسی خوف وخطر کے،کسی کے عہدے ومنصب کو مدِ نظر رکھے بغیرہمیشہ کلمۃ الحق بلندفرماتے۔آپ صاحبِ تصانیفِ کثیرہ بھی تھے، معاشرے میں پھیلے ہوئے جس خلافِ اسلامی عقائد ورسم کو ملاحظہ فرماتے تو اس کے خلاف کتاب لکھ کر عامۃ الخلق کے اخلاق و فکر کی تصحیح کرتے۔
تاریخِ وصال: سیدی شیخ عبد اللہ دحلان رحمۃ اللہ علیہ کا وصالِ پر ملال 1360 ھ میں انڈونیشیاء میں ہوا۔
ماخذ ومراجع: اعلام ۔ امام احمد رضا محدث بریلوی اور علماء مکہ مکرمہ۔مختصر نشر النور