صوفی مشتاق احمد چشتی صابری رحمۃ اللہ علیہ
نام : آپ کا نام صوفی مشتاق احمد چشتی صابری سراجی جالندھری لاہوری اور آپ سلسلہ عالیہ چشتیہ سراجیہ میں حضرت مولانا خواجہ شاہ محمدسراج الحق گوردارسپوری چشتی صابری علیہ الرحمہ کے مرید تھے۔
آپ کی قوم و مقامِ ولادت: آپ قوم سے قصاب اور بستی شیخ درویش جالندھر، مشرقی پنجاب، انڈیا میں پیدا ہوئے۔
سیرت و خصائص: جامع الحسنات و الکمالات، منبعِ فیوض وبرکات، صاحبِ اسرارِ علمِ لدنی حضرت صوفی مشتاق احمد چشتی صابری علیہ الرحمہ مست و مستغرق وبحر توحیدومعرفت ہیں۔آپ کے بارے میں یہ بات بہت مشہور ہے کہ ہندوپاک کا شاید کوئی دربار ہو جہاں آپ نے اعتکاف نہ کیا ہو۔آپ بڑے وجیہہ، دراز قد، بھاری بھرکم جسم کے مالک اورعشق و مستی کا بحربیکنار تھے۔ اکثر طبیعت پرجذب غالب رہتاتھا۔آپ کے مریدین کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز کرگئی تھی۔ایک مرتبہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری علیہ الرحمہ کے مزارِپرانوار کی حاضری کے وقت آپ نے فرمایا کہ چشتی اور قادری سلسلہ میں سوا لاکھ مرید کرنے کی اجازت ہے،فقیر نے ایک لاکھ مرید کرلیے ہیں،پچیس ہزار کی کمی ہے،ان شاء اللہ وہ بھی پوری ہوجائےگی۔1960ء میں جامع مسجد وزیر خان میں انجمن حزب الاحناف کے زیرِ اہتمام آپ نے سالانہ جلسے کی صدارت کی۔آپ سے کئی علماء بہت متاثر تھے۔
محفلِ میلاد: آپ کو نعت سننے کا بڑا شوق تھا۔عموماً نعت سننے پرچشم پُر نم ہوجاتے۔کیونکہ آپ کے دل میں عشقِ مصطفےٰ کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا تھا۔ اس لئے رسولِ اکرم ﷺ کے نام پر آپ بے خود ہوجاتے۔آپ کو رسولِ اکرم ﷺ کی ذات سے والہانہ عقیدت تھی یہی وجہ ہے کہ آپ ہر مہینےاپنے مکان پر پانچ مرتبہ محفلِ میلاد کا اہتمام کرواتے۔ آپ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کا کلام بڑے شوق سے سنا کرتے تھےاور خاص کر جناب حیات وارثیؔ مرحوم کا یہ شعر بہت پسند تھا۔
حبِّ احمد ازل ہی سے سینے میں ہے
|
میں یہاں ہو میرا دل مدینے میں ہے
|
تصحیح: تذکرہ اولیائے لاہور،مؤلفہ عالم فقری مرحوم،مطبوعہ شبیر برادرز لاہور،صفحہ نمبر496پر مذکورہ شعر کی نسبت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ کی طرف تسامحاً کی گئی ہے۔یہ شعر اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کا نہیں ہے، بلکہ جناب حیات وارثیؔ مرحوم کا ہے۔(فقیر تونسوی ؔ غفرلہ)
وصالِ باکمال: آپ کا وصالِ باکمال 22 ذیقعدہ1384 ھ/بمطابق 26 مارچ 1965 ء کو ہوا۔
مزار پرانوار: آپ کامزارِپرانوار رائل پارک، میلا رام مل بازار، داتا گنج بخش روڈ،نزد پرانی برف خانہ، لاہور میں مرجعِ خلائق ہے۔ جہاں اہلِ عقیدت ومحبت حاضری دےکراپنے قلوب و اذہان کو منور کرتے ہیں۔
ماخذ مراجع: انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام۔تذکرۂ اولیائے لاہور