سلطان نور نگ کھیتران رحمتہ اللہ علیہ
ایک مرتبہ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ سیاحت کی غرض سے پنجاب میں دامانِ کوہ مغربی جبل اسود تشریف لے گئے ۔ جہاں آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ایک چھوٹے سے بچے کو گائے چراتے ہوئے دیکھا۔ اس بچہ کے فیضِ ازلی نے آپ رحمتہ اللہ علیہ کے فیض کو جنبش دی اور آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ایک ہی نگاہ سے اسے مجذوب الی اللہ کردیا۔ نور نے بچے کے جسمِ مطہرہ کو منور کردیا اور پھر وہ بچہ پروانہ وار حضرت سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کے گرد فدا ہونے لگا اس بچہ کا نام سلطان نور نگ کھیتران رحمتہ اللہ علیہ تھا ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ تیس سال تک اپنے مرشد حضرت سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں رہے اس کے بعد شرفِ خلافت سے مشرف ہو کر رخصت ہوئے۔ ان کا مزار مبارک جبل اسود کے دامن میں ڈیڑہ غازی خان کے نزدیک قصبہ "" وھو آ "" میں زیارت گاہِ خاص وعام ہے اور آپ کے دربار کو ""سلطان صاحب کا دربار"" کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ حضرت نورنگ سلطان رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے پیرو مرشد کے فیض کو عام کرنے کیلئے ہزاروں لوگوں کو تلقین وارشاد سے مشرف فرمایا اور آج بھی آپ رحمتہ اللہ علیہ کے مزار مبارک سے فیضِ روحانی جاری ہے۔
(مناقبِ سلطانی)