آپ بغرض تجارت کرمان سے لاہور تشریف لاتے اور واپسی پر پاک پتن میں شیخ فریدالدین سے ملاقات کرتے ہوئے ملتان جایا کرتے جہاں آپ کے چچا سید احمد کرمانی رہا کرتے تھے اسی آمدورفت سے آپ کو شیخ فریدالدین سے محبت ہوگئی؛ چنانچہ کرمان میں جتنا کاروبار تھا وہ سب ترک کرکے مستقل اپنے چچا سید احمد کرمانی کے پاس ملتان آگئے اور پھر وہاں سے شیخ فریدالدین سے بیعت ہونے کی غرض سے پاک پتن روانہ ہونے لگے تو آپ کے چچا نے فرمایا کہ شیخ الاسلام بہاؤالدین زکریا بھی بڑے بزرگ ہیں، سید محمد نے کہا، چچا جان! سب سے محبت نہیں ہوسکتی، غرض یہ کہ پاک پتن آکر شیخ فریدالدین سے بیعت ہوئے اور ریاضت و مجاہدہ میں اچھی طرح لگ گئے اور شیخ فریدالدین کے انتقال کے بعد خواجہ نظام الدین اولیاء کی خدمت میں حاضر ہوکر ان کی صحبت سے مستفیض ہوتے رہے اور خواجہ صاحب کے بڑے دوستوں میں شمار کیے جانے لگے۔ جمعہ کی رات 711ھ میں وفات پائی اور چبوترہ یاراں دہلی میں دفن کیے گئے، اللہ آپ پر رحمتیں نازل کرے۔
اخبار الاخیار