سیّد محمد موسیٰ شاہ رحمتہ اللہ علیہ
آپ رحمتہ اللہ علیہ کا اصل نام سیّد محمد موسیٰ شاہ ہے لیکن موسن شاہ کے لقب سے مشہور و معروف ہوئے۔ آپ کا سلسلہ نسب سیّد عبد الجبار رحمتہ اللہ علیہ کے ذریعہ غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ تک پہنچتا ہے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کا سلسلہ نسب اس طرح سے ہے:
سیّد موسیٰ شاہ بن سیّد عابد بن سیّد عبد الجلیل بن سیّدکمال الدین شاہ بن سیّد مبارک شاہ بغدادی عادل پوری بن سیّد حسین دہلوی بن سیّد محمد مکی العربی بن سیّد یونس بن سیّد احمد بن سیّد جعفر بن سیّد عبد القادر ثانی بن سیّد ابو نعمان بن سیّد حمید الدین بن سیّد عبد الجلیل بن سیّد عبد الجبار بن غوث الاعظم محی الدین سیّد عبد القادر جیلانیؓ ۔
آپ رحمتہ اللہ علیہ گھوٹکی کے رہائشی تھے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کے والد سیّد عابد رحمتہ اللہ علیہ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی کم عمری میں ہی وفات پاچکے تھے۔ ایک کمہار سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ سے ملاقات کی غرض سے پنجاب گیا تو آپ رحمتہ اللہ علیہ بھی اس کمہار کے ہمراہ سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت کے لیے تشریف لے گئے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ نے حصولِ علم کی تلقین کی اور ان کی والدہ محترمہ کو نصیحت بھیجی کہ اس کمسن بچے کو پہلے ظاہری علوم کی تکمیل کرائیں اور پھر میرے پاس بھیج دیں۔ چنانچہ آپ رحمتہ اللہ علیہ واپس تشریف لے گئے اور حصولِ علم کے بعد دوبارہ اسی درویش کے ہمراہ حضرت سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کی ملاقات اور زیارت کو آئے لیکن اس وقت حضرت سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ وصال فرما چکے تھے مگر آپ رحمتہ اللہ علیہ نے وصال سے ایک روز قبل اپنی انگشت مبارک سے ""اسمِ "" لکھا اور اپنے فرزندوں کے حوالے کیا اور وصیت فرمائی کہ جنوب کی طرف سے موسن شاہ آرہے ہیں اُن کو دے دیں۔ موسن شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے جیسے ہی اس ""اسمِ ذات"" کو دیکھا کامل و مکمل ہوگئے۔ اس کے بعد انہوں نے اس کو پانی میں حل کیا اور پی لیا۔ ایک اندازہ کے مطابق سیّد موسن شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے سندھ میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں کو فیض سے نوازا اور آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات اور فیض کی بدولت سندھ سے بہت سی بدعات کا خاتمہ ہوا۔ صوبہ سندھ میں روہڑی اور گھوٹکی کے درمیان لوصاحبان کو آپ رحمتہ اللہ علیہ نے مرکز بنایا اور1148ھ(1735ء) میں یہاں ایک شاندار مسجد تعمیر کروائی اب یہ علاقہ"" لوموسن شاہ"" کے نام سے مشہور ہے۔ آپ کا وصال 8۔ذوالحجہ 1173ھ (21جولائی1760ء) بروز سوموار ہوا ،آپ رحمتہ اللہ علیہ کا مزار آپ کی تعمیر کردہ مسجد کے قریب ہی مرجع خلائق ہے۔
(مناقبِ سلطانی)