حضرت سید محمد یوسف بلگرامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
سید محمد یوسف بن محمد اشرف واسطی بلگرامی: منقولات کے چراغ اور معقولات کی میزان تھے،یکشنبہ کے روز ۲۱؍ماہ شوال ۱۱۱۰ھ میں پیدا ہوئے۔ آپ چونکہ سید آزاد کی خالہ کے بیتے تھے،اس لیے آپ اور آزاد نے بالموافقت تحصیل علوم پر کمر باندھی اور کتب درسیہ اور فنون کو ابتداء سے انتہاء تک سید طفیل محمد اور لغت کو اپنے نانا سید عبد الجلیل اور عروض وقانی کو سید محمد سے حاصل کیا اور جب سید آزاد حرمین شریفین کو تشریف لے گئے تو آپ نے ہئیت اور ہندسہ کو دہلی کے فضلاء سے اکتساب کیا اور سید لطف اللہ حسینی واسطی بلگرامی کی بیعت کی اور شرائع پر استقامت اور وطن میں اقامت اختیار کی۔آپ عربی و فارسی میں شعر بھی عمدہ کہتے تھے۔توحید شہودی میں کتاب الفرع الثابت من الاصل الثابت آپ سے یادگار ہے۔وفات آپ کی پنجشنبہ کے روز دوم ماہ جمادی الاخری۱۱۷۲ھ میں ہوئی اور اپنے نانا کے پاس دفن کیے گئے۔’’بے نظیر‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)