حضرت سید صفی الدین سہروردی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ
آپ حضرت سید میراں محمد شاہ موج دریا بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے فرزند ارجمند تھے، بڑے صاحب باکمال بزرگ تھے،آپ سب بھائیوں سے بڑے تھے، آپ کی والدہ کا اسم گرامی حضرت بی بی کلاں بنت سید عبد القادر ثا لث بن سید عبد الوہاب بن سید محمد غوث بالا پیر گیلانی تھاجو سادات گیلانی سے تھیں، سید بہاؤ الدین سہروردی رحمتہ اللہ علیہ آپ کے برادر خورد تھے، آپ ساری عمر لاہور ہی میں قیام پذیر رہے۔
جب آپ کے والد گرامی میراں محمد شاہ سہروردی رحمتہ اللہ علیہ کا بٹالہ کے نزدیک خان فتا قصبہ میں انتقال ہوا تھا تو آپ ہی ان کی لاش لیکر لاہور تشریف لائے تھے اورا کبر کے تعمیر کردہ مقبرہ میں دفن کیا گیا،آپ کو آپ کے والد نے اپنی زندگی میں ہی سجادہ نشین نامزد کردیا تھا اور معافیاں لاہور ودیگر اضلاع کا انتظام بھی آپ کے ہی سپرد کیا جس کو آپ نے نہایت ہی احسن طریق سے نبھا یا تھا، لاہور میں آپ کے خاندان کی رہائش ہے،سید حسن شاہ بن سید پیر شاہ آپ کی اولاد میں سے تھے جو ایک صدی قبل یہاں مقیم تھے۔
اولاد
آپ کے تین فرزند تھے۱سید عبد الرحیم۲سید حسن۳سید حسین آخر الذ کر دونوں صاحبز ادے لا ولد فوت ہوئے اور سید عبد الرحیم کے دو صاحبز ادے۱محمد شاہ۲سید فرزند علی المشہو ر زندہ امام تھے۔
مزار اقدس
روضہ حضرت موج دریا بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے اندر واقع ہے جو لاہور ایڈورڈ روڈ پر واقع ہے،آپ کے فرزند سید عبد الرحیم کی قبر بھی یہیں ہے اور والدہ ماجدہ کی قبر آپ کے روضہ سے ذراہٹ کر لیک روڈ پر ایک مسجد کے عقب میں واقع ہے جہاں چند اور بھی قبور ہیں جو ایک اونچے چبو ترے پر واقع ہیں۔
(لاہور کے اولیائے سہروردیہ)