سید سلطان جلال الدین حیدر سہروردی لاہور ی رحمتہ اللہ علیہ
آپ حضرت میراں محمد شاہ المشہور سید موج دریا بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے حقیقی بھائی تھے،والد ماجد کا نام سید صفی الدین بخاری رحمتہ اللہ علیہ تھا، علوم ظاہری و باطنی میں ید طولیٰ رکھتے تھے، جب حضرت میراں محمد شاہ بخاری شہنشاہ اکبر کے حکم سے لاہور تشریف لائے تھے اور ان کو جاگیر عطا ہوئی تو اس کے بعد آپ بھی لاہور تشریف لائے،آپ نے کوئی شاہی جا گیر قبول نہیں کی، آپ کے والد گرامی سید صفی الدین بخاری رحمتہ اللہ علیہ اوچ شریف کے سجادہ نشین تھے۔
عشق ومحبت اور ترک و تجرید میں لاثانی تھے، آپ کو دولت دنیا سے قطعی نفرت تھی۔ اگر چہ آپ کے بھائی کو شہنشاہ وقت نے کافی جاگیر دے رکھی تھی مگر آپ دنیا وی آسائش سے قطعی طور پر منتظر تھے،تمام عمر عبادت الہیٰ میں گز اری، زہد و اطاعت کی وجہ سے معروف تھےتارک الدنیا تھے اور ا ہل دنیاسے کسی قسم کا سر و کار نہیں رکھتے تھے۔
آپ کے متعلق لکھا ہے، سید سلطان جلال الدین حید ر رحمتہ اللہ علیہ بن سید صفی الدین بخاری قدس سرہ برادر حقیقی میراں شاہ موج دریا بخاری رحمتہ اللہ علیہ است جامع علوم ظاہری باطنی و کما لات صورت و معنوی عابد و زاہد تارک الدنیا بود با دنیا و اہل دنیا کارے نداشت و در تجر ید و تفر ید یگانہ روزگا ر۔
وفات
آپ کی وفات ۱۹۰۷ء بمطابق ۱۰۱۶ھ بعہد نور الدین جہانگیر لاہور میں ہوئی، آپ کو حضرت بی بیاں پاک دامناں واقع محمد نگر میں دفن کیا گیا جہاں آپ کا مزار پر انوار ایک گنبد کے نیچے واقع ہے،اندرون احاطہ بی بی ہاج و بی بی تاج قبر واقع ہے،عوام آ پ کے مزار کو ان بیبیوں کے استا د کی حثییت سے جانتے ہیں۔آپ کی اولاد بھو گی وال نزد باغبا نپو رہ میں موجود ہے،ایک قبر آپ کے فرزند سید علم الدین رحمتہ اللہ علیہ اور دوسری آپ کے نبیرہ زین العابدین رحمتہ اللہ علیہ کی بھی ہے۔
(لاہور کے اولیائے سہروردیہ)