وَاذْکُرْ اِسْمٰعِیْلَ وَالْیَسَعَ وَذَا الْکِفْلَ وَکُلٌّ مِّنَ الْاَخْیَارِ
یاد کرو اسماعیل اور یسع اور ذوالکفل (علیہم السلام) کو اور سب اچھے ہیں۔
حضرت ذوالکفل علیہ السلام:
آپ کا نام ’’بشر‘‘ ہے یا ’’شرف‘‘ ہے۔ آپ حضرت ایوب علیہ السلام کے بیٹے ہیں۔ آپ کے متعلق اور بھی مختلف اقوال ہیں، تاہم اسی قول مذکور کی طرف زیادہ رجحان ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ان کو ان کے باپ حضرت ایوب علیہ السلام کے بعد نبی بناکر بھیجا اور حکم دیا کہ آپ لوگوں کو میری وحدانیت پر ایمان لانے کی طرف بلائیں، کہ میرے بغیر کوئی معبود نہیں۔
آپ عمر بھر شام کے علاقہ میں ہی رہے، اللہ تعالیٰ کے احکام لوگوں تک پہنچاتے رہے، پچھتر (۷۵) سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔
آپ علیہ السلام نے اپنے بیٹے عبدان کو وصیت کی تھی کہ میری وفات کی بعد نیکی کے عمل پر قائم رہنا، لوگوں کو بھی ایمان اور نیک اعمال کی ترغیب دینا۔
آپ علیہ السلام یتیموں محتاجوں غریبوں بیوہ عورتوں پر رحم فرماتے، ان کی ضروریات کا خیال رکھتے، انہی محتاج لوگوں کی کفالت کی وجہ سے ہی آپ کا نام ’’ذوالکفل‘‘ (کفالت کرنے والا) پڑ گیا تھا۔
(روح المعانی ج۹ ج۵ دوم ص۸۲)
(تذکرۃ الانبیاء)