حافظ امام قاضی ابو اسحاق ابراہیم بن معقل بن حجاج بن خراش بن یزید بن دوست سانجنی نسفی: محدث مفسر اور فقیہ تھے،نسف کے قریب قصبہ سانجن میں پیدا ہوئے،طفیل بن زید کے بعد اہل نسف کے امام اور قاضی بنے۔اہلِ سنت اور اصحاب حدیث میں جلیل القدر ثقہ فاضل شمار کیے جاتے تھے۔ان کی روایت کی بڑی شہرت تھی،خراسان،عراق،شام،حجاز اور مصر کا سفر کیا اور بڑے بڑے ائمہ مثل ابی رجا،قتیبہ بن سعید عسقلانی،ابی الحسن علی بن محمد سغدی،ابی ولید ہشام بن عمار دمشقی،محمد بن مصطفیٰ حمصی،ہنادبن سری،ابی کریب،محمد بن علاء کوفی اور ابی موسیٰ محمد بن ملثنی بصری سے ملاقات کی،امام احمد بن حنبل سے بھی ملے مگر ان سے روایت نہیں کی،امام بخاری سے صحیح بخاری روایت کرنے والے آخری آدمی ہیں، ذیقعد یا ذی الحجہ ۲۹۵ھ یا ۲۹۴ھ میں وفات پائی۔آپ کی تصانیف میں مسند کبیر اور تفسیر مشہور ہیں۔
(حدائق الحنفیہ)