خیر الدین بن احمد بن نور الدین بن زین الدین بن عبد الوہاب ایوبی فاروقی رملی: مفسر،محدث،فقیہ،صرفی،نحوی،بیانی،عروضی،منطقی،کثیر العمر، اپنے زمانہ میں شیخ حنفیہ تھے شہر رملہ میں ۹۹۳ھ میں پیدا ہوئے،علم سراج الدین حانوقی صاحب فتاویٰ مشہورہ اور احمد بن محمد امین الدین بن عبد العال سے پڑھا اور اپنے شہر اور مصر میں درس دیا۔فتاویٰ سائرہ تصنیف کیا اور منح الغفار اور عینی شرح کنز اور اشباہ والنظائر اور بحر الرائق اور زیلعی اور جامع فصولین وغیرہ پر حواشی لکھے اور نیز رسائل اور ایک دیوان حروف معجم کی ترتیب پر لکھا اور ۱۰۸۱ھ میں رملہ میں وفات پائی۔’’آیت رحمت ایزد‘‘ تاریخ وفات ہے۔بہت لوگوں نے مثل امیر محبی وغیرہ کے آپ کے مناقب اور احوال اور بیان مشائخ اور تلامذہ میں طول دیا ہے۔ایوبی کی نسبت آپ کے بعض اجداد کی طرف ہے۔
(حدائق الحنفیہ)