خواجہ عبید اللہ المعروف خواجہ کلاں علیہ الرحمہ
حضرت خواجہ باقی باللہ کے بڑے صاحبزادے خواجہ عبید اللہ جو خواجہ کلاں کے عرف سے مشہور ہیں ، یکم ربیع الاول ۱۰۱۰ھ کو عصر کے وقت پیدا ہوئے، ابھی وہ دو سال کے بھی نہیں ہوئے تھےکہ خواجہ صاحب کا وصال ہو گیا لہٰذا خواجہ حسام الدین نے ان کی پرورش کی، ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ شیخ اللہ داد نے انھیں طریقہ نقشبندیہ کے شغل سے بھی بہرہ ور کیا۔
اعلیٰ تعلیم وتربیت حاصل کرنے کے بعد خواجہ عبید اللہ کو حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد سرہندی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں بھیجا گیا۔ جہاں انھوں نے روحانی فیض حاصل کیا اور حضرت مجدد صاحب رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے انھیں تمام باطنی امور سے آگاہ کیا۔ اس طرح وہ اپنے والد بزرگوار کے خلف الرشید ثابت ہوئے اور علوم ظاہری وباطنی دونوں میں کامل ہو گئے۔
آپ عربی اورفارسی دونوں زبانوں میں فصیح وبلیغ انداز میں میں مکاتیب تحریر فرماتے تھے۔چنانچہ ان کی انشاپردازی کا نمونہ زبدۃ المقامات میں دیا گیا ہے۔ خواجہ عبید اللہ کا اسمِ گرامی حضرت خواجہ عبید اللہ احرار کے اسمِ گرامی پر رکھا گیا تھا جن کے حضرت خواجہ باقی باللہ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ بے حد معتقد تھے۔
(حیات باقی)