مطہر بن حسین بن سعد بن علی بن بندا یزدی: ابو سعد کنیت جمال الدین لقب اور قاضی القضاۃ خطاب تھا،عالم جلیل القدر فاضل کبیر المحل یگانۂ زمانہ خاندان علم میں سے تھے۔آپ کے آباء واجداد سب ائمۂ دہر تھے۔جامع صغیر جس کو زعفرانی نے م رتب کیا ہے اس کی شرح تہذیب نام تصنیف کی اور امام طحطاوی کی مشکل الآثار کو ملخص کیا اور ابو اللیث کی نوادر کو مختصر کیا اور ایک فتاویٰ اور مختصر قدوری کی شرح نام تصنیف کی۔رکن الدین محمد بن عبدالرشید کرمانی صاحب جواہر الفتاویٰ نے آپ سے اخذ کیا۔سیوطی نے حسن المحاضرہ میں لکھا ہے کہ آپ کے ما تحت بارہ مدارس تھے جن میں بارہ سو طالب علم پڑھا کرتے تھے۔مقام قدم میں آکر ۵۹۱ھ میں وفات پائی اور آپ کا جنازہ مصر کو اٹھا کر لے گئے۔’’علامہ پرہیز گار‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)