مولیٰ احمد بن مولیٰ بدرالدین قورد آفندی المعروف بہ قاضی زادہ رومی: شمس الدین یا زین الدین لقب تھا،اپنے زمانہ کے فقیہ محدث،عالم محقق فاضل مدقق امام العلماء سید الفقہاء تھے علوم مولیٰ محمد المعروف بہ چوٹی زادہ اور مولیٰ سعدی محشی تفسیر بیضاوی سے حاصل کیے،مدت تک بلادِ روم میں حلب و عسکرکے قاضی اور قسطنطنیہ میں مفتی رہے۔ہدایہ کی شرح کتاب الوکالۃ سے آخر تک مسمی بہ نتائج الافکار کشف الرموز والاسرار بطور تکملۂ فتح القدیر کے تصنیف فرمائی اور اس میں تین ہزار ایراد ایسے شراح ہدایہ پر کیے جوآپ سے پہلے کسی ثقہ نے نہیں کیے تھے اور نیز سید کی شرح مفتاح کا حاشیہ اور اوائل شرح وقایہ پر حاشیہ اور تجرید پر حاشیہ لکھا اور رسائل کثیرہ تصنیف کیے۔وفات آپ کی ۹۸۸ھ میں ہوئی۔’’مقصود و مذاہب‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)