محمد بن عبد الاول تبریزی الشہیر بہ مولیٰ امیر کیو: بڑے عالم فاضل، عارف علوم عقلیہ و نقلیہ اور جامع فنون اصولیہ و فرعیہ تھے اور صنعتِ انشاء میں آپ کو معرفتِ تامہ حاصل تھی باپ آپ کا تبریز کا قاضی تھا۔آپ نے صغر سنی میں مولیٰ جلال الدین دوانی کو دیکھا اور اپنے باپ کی حیات میں روم کے ملک میں آئے۔ چونکہ آپ کے باپ اور عبد الرحمٰن بن مؤید میں بڑی دوستی تھی اس لیے اس نے آپ کو سلطان با یزید خاں کے حضور میں حاضر کیا،اس نے آپ کو مدرسہ وزیر مصطفیٰ پاشا کا مدرس مقر ر کیا پھر آپ مدارس بروسا و مغنیسا کے مدرس ہوئے۔بعدازاں دمشق اور حلب اور قسطنطنیہ کی قضاء آپ کے سپرد ہوئی اور آپ کے اور سید محمد بن عبد القادر کے درمیان بڑے مناظرے و مباحثے ہوتے رہے۔
(حدائق الحنفیہ)